مہنگائی نے کمرتوڑ دی،

ہیئرڈریسرز برادری نے اپنی اجرت تین سال سے نہیں بڑھائی،اے ایم اے انور نئی ریٹ لسٹ کا آئندہ چندروز میں جاری ہوگی، دیامیربھاشا ،مہمند ڈیم فنڈمیں ہیئرڈریسرز عطیات جمع کرائیں گے، جنرل سیکریٹری ہیئرڈریسراینڈ بیوٹیشن

پیر 13 اگست 2018 17:04

مہنگائی نے کمرتوڑ دی،
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) ہیئرڈریسراینڈ بیوٹیشن ویلفیئرایسوسی ایشن آف پاکستان،رجسٹرڈ (ایچ بی ڈبلیو اے پی)کے جنرل سیکریٹری ایم اے انورنے کہا ہے کہ شہر بھر کے ہیئرڈریسرز اور بیوٹیشنز کے زیراستعمال اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنااضافہ ہوچکاہے جبکہ گزشتہ تین سال سے ہیئرڈریسرز برادری نے ہیئرکٹنگ،شیو،فیس واش،کلر سمیت تمام تر کاموں کے ریٹس میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے لیکن اب بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر نرخوںمیں اضافہ ضروری ہوچکا ہے کیونکہ مہنگائی نے کمرتوڑ کر رکھ دی ہے۔

وہ ایسوسی ایشن کے محمودآباد سب آفس میںگزشتہ روز ہیئرڈریسرز برادری کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر سرفراز احمد،مہندی خان،محمدپرویز،غلام عباس،بابا اسماعیل اورمختلف ٹائونز کے ہیئرڈریسرزرہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایک قرار داد پیش کی گئی جس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس ثاقب نثار کے قائم کردہ دیامیربھاشا اور مہمند ڈیم فنڈمیں ملک بھر کے تمام ہیئرڈریسرز اپنی ایک دن کی آمدنی عطیات کی شکل میں اپنے قریبی بینکوں کی برانچوں میںجمع کرائیں گے ۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہیئرڈریسرز کے لئے نئے نرخنامہ کا اجراء آئندہ چندروز میں کردیا جائے گا اور نئی ریٹ لسٹ ایسوسی ایشن کے دفتر سے حاصل کی جاسکے گی۔اجلاس میں شریک تمام شرکاء نے ایم اے انور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر ناصر محمود نے کہا کہ ہیئرڈریسرز کو ایک بار پھر متحد کرنے کا سہرا ایم اے انور کے سر ہے اور اب ہمیں اپنی صفوں سے ناپسندیدہ عناصر کو نکالنا ہوگا۔ غلام عباس نے شہر میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔