موٹروے پولیس اور پنجاب گروپ آف کالجز کے درمیان پولیس افسران کے بچوں کیلئے خصوصی تعلیمی پیکج کے ایم او یو پر دستخطی تقریب

پیر 13 اگست 2018 22:33

لاہور۔13 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے نے کہا ہے کہ کسی بھی ادارے کی کارکردگی اس کے ملازمین کی فلاح و بہبود سے منسلک ہے اور ہماری یہ کوشش ہو گی کہ اپنے افسران کو ہر حد تک تمام سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ اور توانائیاں عوام کی خدمت کے لیے صرف کر سکیں۔ اِن خیالات کا اظہار آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خاںنے موٹروے پولیس اور پنجاب گروپ آف کالجز کے درمیان موٹروے پولیس کے افسران کے بچوں کے لیے خصوصی تعلیمی پیکج کے ایم او یو کی دستخطی تقریب میں کیا۔

ایڈیشنل آئی جی غلام رسول زاہد ،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر راجہ رفعت مختار ،ڈی آئی جی سنٹرل زون احمد ارسلان ملک،ڈی آئی جی ٹریننگ کالج محبوب اسلم ،ڈی آئی جی موٹروے زون اشفاق احمد خاں اور کثیر تعداد میں پورے ملک سے موٹروے پولیس کے دیگر افسران اور پنجاب گروپ آف کالجز کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

یادداشت کے معاہدے پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر راجہ رفعت مختار اور پنجاب گروپ آف کالجز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سہیل افضل نے دستخط کیے تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کے شہداء کے بچے پنجاب کالج اور اس کے زیرِ انتظام تمام اداروں میں سو فیصد مفت تعلیم دی جائے گی۔

جبکہ باقی حاضر سروس افسران کے بچوں کو پچیس فیصد رعایت دی جائے گی۔آئی جی موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خاں نے کہا کہ آج کل بچوں کو معیاری تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم دلوانا ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور بحیثیت سربراہ میری یہ خواہش ہے کہ موٹروے پولیس افسران کے بچے معیاری تعلیم حاصل کریں۔آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خاں نے مزید بتایا کہ اسی طرز کے معاہدے ملک کے دیگر شہرت یافتہ تعلیمی وطبی اداروں کے ساتھ کیے جا رہے ہیں۔

پنجاب گروپ آف کالجز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سہیل افضل نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ادارہ موٹروے پولیس کی پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف کرتا ہے ،یہ فورس اپنی ایمانداری اور اچھے اخلاق کے ساتھ برتائو کی وجہ سے پوری دُنیا میں اپنی پہچان رکھتی ہے۔یادداشت کا یہ معاہدہ موٹروے پولیس کی خدمات کے اعتراف میں کیا گیا ہے اور وہ کوشش کریں گے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے کے افسران کے بچوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

اس موقع پر موجود موٹروے پولیس افسران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں درمیانی آمدن والے طبقہ کے لیے اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانا ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈموٹروے پولیس عامر ذوالفقار خاں کا یہ عمل محکمہ کے افسران کا مورال بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خاںکا ان کی فلاح وبہبود کی پالیسیوں پراُن کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سہیل افضل اور آئی جی نیشنل ہائی ویزے اینڈ موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خاں میں باہمی یادگاری شیلڈ ز کا تبادلہ بھی ہوا۔