دُوبئی میں مقیم پاکستانی شہری نے ایک کلو سونا جِیت لیا

چھُٹیاں منانے آئے پاکستانی کو200درہم کی شاپنگ پر ریفل ٹکٹ مِلا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 14 اگست 2018 14:51

دُوبئی میں مقیم پاکستانی شہری نے ایک کلو سونا جِیت لیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اگست 2018ء) اگست 2018ء کا مہینہ پاکستانیوں کے لیے اس بار دوہری خوشیاں لایا ہے۔ سب سے پہلے تو 14 اگست 2018ء کو پاکستان کا 71 واں یومِ آزادی بڑی دھوم دھام اور مِلّی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ صرف پاکستان ہی نہیں ‘مُلک سے باہر مقیم پاکستانی بھی اس موقعے کو حد درجہ عزت و احترام سے منا رہے ہیں۔ دُوسرے اگست کے آخری عشرے میں مِلت اسلامیہ کو عید الاضحی کی خوش خبری بھی مِل رہی ہے۔

جو اَب چِند دِنوں کی دُوری پر ہے۔ سو اس لحاظ سے پاکستانیوں کی خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں۔ مگر ایک پاکستانی ایسا بھی ہے جس کے لیے یہ مہینہ خوشیوں کے لحاظ سے دوبالا نہیں بلکہ سہ بالا ثابت ہوا ہے۔ سید سرور حُسین نامی مذکورہ پاکستانی گرمیوں کی چھُٹیاں منانے دُبئی آیا تھا جس نے جی بھر کر امارات میں سیر و تفریح کے مزے لُوٹے۔

(جاری ہے)

اسی دوران اُس نے دیرہ سٹی سنٹر سے شاپنگ بھی کی۔

اس شاپنگ مال کی جانب سے سمر سرپرائز پروموشن سکیم جاری تھی‘ جس کے تحت کم از کم 200 اماراتی درہم کی خریداری کرنے والے کو ریفل ٹکٹ سے نوازا جاتا ہے۔ سو سرور کو بھی 200 درہم کی شاپنگ پر ریفل ٹکٹ تھمائی گئی۔ جسے اُس نے اپنے پاس سنبھال لیا۔ مگر اُسے کیا پتہ تھا کہ یہ ٹکٹ اُس کے لیے خوش قسمتی کا ایک نیا دروازہ کھولنے والی ہے۔ اُس کے علاوہ سینکڑوں اور بھی افراد تھے جن کے پاس ریفل ٹکٹ موجود تھی۔

اگرچہ قرعہ اندازی چند دِن قبل ہونا تھا مگر پاکستان کے 71 ویں آزادی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میں تھوڑی تاخیر کرتے ہوئے آج کے روز جیتنے والے خوش نصیب کا اعلان کیا گیا۔ اور یہ قرعہ سیدسرور حُسین کے نام نکل آیا۔ثروت حُسین ایک کلو سونے کے انعام جیتنے میں کامیاب ہو گیا۔ اس سونے کی مالیت تقریباً ایک لاکھ پینتالیس ہزار اماراتی درہم بنتی ہے۔ اس موقع پر سرور حُسین کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ بڑے جوش اور احترام سے مناتا ہے مگر اب کی بار اللہ نے اُسے اس مبارک دِن پر ایسے غیر متوقع انعام سے نوازا ہے جس کے باعث وہ اس دِن کو تاحیات اپنی زندگی کا یادگار دِن سمجھے گا۔ سرور نے اس موقع پر شاپنگ مال کی انتظامیہ کا بھی بہت زیادہ شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :