بھارت کیخلاف کیا کرنا چاہوں گا ،امام الحق نے بتا دیا

ایشیا کپ ٹورنامنٹ روایتی حریف کیخلاف معرکہ دلچسپ ہی نہیں دباﺅ کا بھی باعث ہوگا :اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 15 اگست 2018 15:07

بھارت کیخلاف کیا کرنا چاہوں گا ،امام الحق نے بتا دیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15اگست 2018 ء) آئندہ ماہ ایشیا ئکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نوجوان پاکستانی کھلاڑی امام الحق بھارت کیخلاف بڑے مقابلے کیلئے بے چین ہیں،ان کا کہنا ہے کہ روایتی حریف کیخلاف معرکہ دلچسپ ہی نہیں دباو کا بھی باعث ہوگا،مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہوئے بہترین نتیجے کیلئے کوشش کریں گے ،بھارتی سائیڈ کیخلاف کھیل کر کم عمری کا خواب پورا ہو جائےگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم ان دنوں ایشیاءکپ مقابلوں کیلئے تیاری میں مصروف ہے اور کپتان سرفراز احمد سمیت بیشتر کھلاڑیوں نے آئندہ ماہ ہونے والے ایونٹ کے دوران بھارت کیخلاف مقابلے پر نگاہ مرکوز کر رکھی ہے کیونکہ منتظمین نے روایتی حریف ٹیموں کو ایک ہی پول میں رکھا ہے جو ابتدائی اطلاعات کے مطابق 18ستمبر کو آمنے سامنے آئیں گی لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے شیڈول پر اعتراض کے بعد امکان ہے کہ یہ میچ 19ستمبر کو کھیلا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین امام الحق اس معرکے میں شرکت کیلئے پرجوش ہیں اور انہیں بے چینی کے ساتھ روایتی حریفوں کے درمیان مقابلے کا انتظار ہے کیونکہ اس طرح ان کا کم عمری سے بھارت کیخلاف کھیلنے کا خواب پورا ہو جائے گا۔واضح رہے کہ انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ دونوں روایتی حریف ٹیمیں مقابل آئیں گی جس کیلئے دونوں طرف ہی کافی جوش و جذبہ پایا جاتا ہے۔

کیریئر کے 9 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں چار سنچریوں کے مالک بائیں ہاتھ کے بیٹسمین ایشیائی ایونٹ میں بھارت کیخلاف میچ کیلئے مضبوط ترین امیدوار ہیں اور ان کا خیال ہے کہ وہ پڑوسی ملک کیخلاف پہلی مرتبہ کھیلنے کے باوجود بہترین کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہیں گے اور پاکستانی ٹیم کامیاب رہے گی۔ امام الحق کا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف کھیلنا ان کا خواب ہے اور وہ اس بارے میں بہت کچھ سوچتے رہے ہیں کیونکہ انہوں نے جب اپنا کیریئر شروع کیا تو اس وقت سے ہی انہوں نے بھارت کیخلاف کھیلتے ہوئے کچھ خاص کردکھانےکا پلان کر رکھا ہے اور اان کے دیگر ساتھی کھلاڑی بھی کچھ ایسے ہی خیالات رکھتے ہیں۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کا بھتیجا ہونے کے ناطے امام الحق کو قومی ٹیم میں آنے کے بعد کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کارکردگی دکھانے کے حوالے سے ان پر شدید پریشر بھی تھا لیکن انہوں نے سری لنکا کیخلاف سنچری بنا کر تمام تر دباوخود پر سے اتار پھینکا اور آئرلینڈ کیخلاف اولین ٹیسٹ میں بھی 74رنز کی باری مشکل ترین حالات میں کھیل کر پاکستانی ٹیم کو خطرات سے باہر نکال دیا۔

22سالہ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ ایشیاءکپ میں بھارت کیخلاف میچ دلچسپی کا باعث ہوگا لیکن وہ شدید دباو¿ کے باوجود بہترین کارکردگی کی توقع کر رہے ہیں کیونکہ وہ بھارت کیخلاف مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں،مکی آرتھر ہی نہیں بلکہ پوری ٹیم انتظامیہ کھلاڑیوں کو یہ بات سمجھانے کی کوشش کر رہی ہے کہ انہیں حریف ٹیم کو دیکھنے کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور سب نے ہی ایک حکمت عملی کو ذہن میں رکھا ہوا ہے کہ اپنی بہترین صلاحیت کو سامنے لانا ہے۔

انہوں نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ بھارتی ٹیم اپنے کپتان ویرات کوہلی پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے جن کے بغیر اس ٹیم کی نصف طاقت کم ہو جاتی ہے کیونکہ بہترین ٹیم ہونے کے باوجود ویرات کوہلی نے اسکا ایک معیار قائم کیا ہوا ہے اور بھارتی قائد کو ایک جانب کردیا جائے تو یہ ٹیم آدھی رہ جاتی ہے۔