دُبئی کی سابقہ رہائشی خاتون پُڈِنگ بیچ بیچ کر کروڑ پتی بن گئی

اس سے پہلے وہ 14 مختلف کاروبار میں ناکامی کا منہ دیکھ چُکی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 16 اگست 2018 11:35

دُبئی کی سابقہ رہائشی خاتون پُڈِنگ بیچ بیچ کر کروڑ پتی بن گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 اگست 2018ء) انسان کو کبھی بھی ناکامی کے آگے ہتھیار نہیں ڈالنے چاہئیں‘ چاہے وہ درجنوں بار ہی آپ کو پریشانی سے دوچار کیوں نہ کر چُکی ہو۔ ایک فلپائنی خاتون ایسی بھی ہے جس نے اپنی زندگی کا کچھ عرصہ دُبئی میں گزارا۔ اس کے بعد وہ اپنے آبائی وطن لوٹ آئی۔ اور اس وقت اپنے وطن فلپائن میں محض کیرمل پُڈنگ بیچ بیچ کر ہی کروڑ روپے اکٹھے کر چُکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پرنسز سان ڈیگو نے کافی عرصہ دُبئی میں بھی گزارا ہے۔ اُس نے تقریباً چودہ مختلف کاروبار کیے جن میں باربی کیو‘ ریسٹورنٹ اور آن لائن آلات بھی شامل ہیں۔ مگر اپنی تمام تر محنت اور خلوصِ نیت کے باوجود اُسے ناکامی کا مُنہ دیکھنا پڑا۔ جس کے بعد اُس نے کیرمل پُڈنگ فروخت کرنے کا ارادہ بنایا۔

(جاری ہے)

اُسے ذرا بھی اُمید نہیں تھی کہ یہ کاروبار اُس کے لیے اتنا سُود مند ثابت ہو گا کہ اُسے کروڑوں سے نواز دے گا۔

اس کاروبار کی تیاری کے دِنوں میں اُس نے اپنے کچن میں گرین ٹی کو کیرمل پُڈنگ میں مِلا کر ایک تجربہ کیا اور جو ڈِش تیار ہوئی اُسے آن لائن شیئر کر دیا۔ اس انوکھے غذائی تجربے کی ویڈیو چند دِنوں میں ہی وائرل ہو گئی۔ جس کے بعد اُسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ڈِش کے اجزائے ترکیبی کے بارے میں پُوچھا جانے لگا جبکہ بہت ساروں نے یہ منفرد پُڈِنگ کھانے کی فرمائش بھی ظاہر کی۔

یہی وہ لمحہ تھا جب اُس نے فیصلہ کیا کہ وہ اس غذائی جِدت کو اپنے اگلے کاروبار کے طور پر اپنائے گی۔ شروع میں وہ محض 25 ٹِن بیچتی تھی مگر 2016ء کے آخر تک اُس کی ہفتہ وار آمدنی 20 ہزار پیسوز (تقریباً 1300 اماراتی درہم) تک پہنچ چکی تھی۔ جس کے بعد اُس نے اپنی آمدنی میں اضافہ کے لیے کچھ ریسٹورنٹس والوں سے شراکت داری کی۔ پھر اس کے بعد وہ ہر شراکت دار سے ہفتہ وار چالیس ہزار پیسوز (تقریباً 2700 اماراتی درہم) وصول کرنے لگی۔ پچھلے سال اُس نے تقریباً ایک کروڑ روپیہ کمایا۔ سان ڈیگو کا کہنا ہے کہ وہ اب اپنا کیفے خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پیسٹریاں بھی فروخت کرے گی۔

متعلقہ عنوان :