سعودی سٹاک مارکیٹ میں مندی ، سرمایہ کاروں کے 71 ارب ریال ڈوب گئے

اتوار 19 اگست 2018 11:30

سعودی سٹاک مارکیٹ میں مندی ، سرمایہ کاروں کے 71 ارب ریال ڈوب گئے
ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) گزشتہ ہفتے سعودی سٹاک مارکیٹ کی مندی میں مزید اضافہ ہوا۔ تداول آل شیئرانڈیکس نے 394 پوائنٹس کا اتار چڑھائو دیکھا اور آخر میں 309.02 پوائنٹس کی کمی کے بعد 7867.16 پوائنٹس پر بند ہوا۔ سارے اشاریے منفی زون پر بند ہوئے۔ پرائس انڈیکس میں 3.78 فیصد کی کمی، سودوں اور حجم میں بالترتیب 10.2فیصد اور 22.9 فیصد کی کمی نوٹ کی گئی جبکہ کاروباری مالیت 29.8 فیصد کی زبردست کمی کے بعد 15ارب ریال رہ گئی۔

قیمتوں کی کمی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے 71ارب ریال ڈوب گئے۔ سب سے زیادہ نقصان سعودی جرمن ہسپتال کے سرمایہ کاروں کو ہوا جس کی قیمت 15.84فیصد کمی کے بعد 40.90 ریال پر بند ہوئی جبکہ الوفاء انشورنس کی پرائس 13.38فیصد انحطاط کے بعد 9.65 ریال پر بند ہوئی۔

(جاری ہے)

بڑے سرمائے کی کمپنیوں میں سابک کی قدر 3 فیصد کمی کے بعد 123ریال پر اختتام پذیر ہوئی جبکہ الراجحی بینک کی قیمت 3.78 فیصد انحطاط کے بعد 84 ریال پر بند ہوئی۔

فائدے میں جانے والی کمپنیوں میں بونیان رائیٹ سرفہرست رہی جس کی قیمت 9.48 فیصد اضافے کے بعد 9.70 ریال پر اور ایکسٹرا کی قیمت 7.95 فیصد فروغ کے بعد 54.30 ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ گزشتہ ہفتے سہارا پیٹرو کیمیکلزنے 5 فیصد کیش ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا جو سرمایہ کاروں کو زیادہ پسند نہیں آیا او رانہوں نے حصص کو فروخت کرنے پر ترجیح دی اور اس کی قیمت 0.75 فیصد کمی کے بعد 18.50ریال پر بند ہوئی۔

متعلقہ عنوان :