خصوصی عید ٹرینوں او ر عید الاضحی پر ریلوے سٹیشنوں پر حفاظتی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کر دی گئی

اتوار 19 اگست 2018 16:00

فیصل آباد۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پاکستان ریلویز کے خصوصی احکامات پرسپیشل عید ٹرینوں اور عید الاضحی پر ریلوے سٹیشنوں پر حفاظتی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور پاکستان ریلوے کے سٹیشن ماسٹرز وعملہ سمیت ریلوے پولیس حکام کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ عید کے موقع پر ٹرینوں کے ذریعے سفر کرنے والے افراد کو مکمل تحفظ کی فراہمی یقینی ہو سکے ۔

(جاری ہے)

پاکستان ریلوے پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ عید الاضحی کے ایام میں کسی بھی شر پسندی کے خدشہ سے نمٹنے کیلئے فیصل آباد ، خانیوال، شورکوٹ ، ملتان، لاہورسمیت تمام اہم ریلوے اسٹیشنز پر ریلوے پولیس کے اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ اہم ٹرینوں کے ہمراہ بھی سکیورٹی سٹاف تعینات کر دیاگیا ہے ۔ انہوںنے مسافروں اور عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ عید کے ایام میں سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان ریلوے کے عملہ اور ریلوے پولیس سے بھر پور تعاون کریں ۔