گوجرانوالہ،عیدالاضحی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے

اتوار 19 اگست 2018 22:20

گوجرانوالہ ۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) عیدالاضحی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات مکمل۔ساڑھے سات سو کے قریب جائے عید گاہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے 4500/-سے زائدپولیس افسران اور جوان الرٹ رہ کراپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ قومی رضا کار بھی پولیس کے معاون ہوں گے۔

ون ویلنگ،اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ،شراب نوشی ، غل غپاڑہ ، خطرناک ڈرائیونگ اور سائلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے پر سخت پابندی ہو گی۔ ون ویلنگ اورسائلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے والوں کے ساتھ ساتھ شو رو شر اور ہلہ گلہ کرنے والوں کے خلاف موثرکارروائی ہو گی۔ شرپسندانہ طرز عمل اور غیر قانونی افعال کی ہرممکن حوصلہ شکنی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ایلیٹ فورس اور پولیس کوئیک ریسپانس فورس کے جوان بھی علاقے میں گشت کریں گے ۔پارکوں کے گردونواح میں پولیس کی اضافی نفری تعینات ہو گی ۔ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقے میں امن و امان کے ذمہ دار ہوں گے ۔اہم شاہراہوں اور چوکوں میں ناکہ بندی کی جائے گی۔قانون شکنی کی صورت میں ضابطہ کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سٹی پولیس آفیسرڈاکٹر معین مسعود نے اپنے آفس میں پولیس افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر شرپسندی کو روکنے اور نظم و ضبط میں بہتری لانے کے لئے پولیس کے ہزاروں افسران اور جوان مرتبہ سیکیورٹی پلان کے تحت ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔بلا نمبری موٹر سائیکل سواروں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن ہو گا ۔ تفریح گاہوں ، پبلک مقامات اور بازاروں میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا ۔تفریحی مقامات کے قریب پولیس اور ایلیٹ کے خصوصی دستے گشت کریں گے۔