دُبئی: ’ڈرائیونگ کے دوران عید کی مبارک دینے اور وصول کرنے سے باز رہیں‘

پولیس کی جانب سے دورانِ ڈرائیونگ فون استعمال کرنے والوں کے خلاف کڑی کارروائی کا اعلان

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 20 اگست 2018 10:58

دُبئی: ’ڈرائیونگ کے دوران عید کی مبارک دینے اور وصول کرنے سے باز رہیں‘
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اگست 2018) پولیس نے ڈرائیور حضرات پر زور دیا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون پر عید کی مبارک دینے اور وصول کرنے سے باز رہیں‘ کیونکہ یہ عمل بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ دُبئی پولیس کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیر سیف مُہیر المزروعی کا کہنا تھا کہ چاند رات اور عید کے دِنوں میں لوگ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال بہت بڑھا دیتے ہیں اور اس دوران سوشل میڈیا یا ٹیکسٹ میسجز پر عید کے حوالے سے بھیجی گئی مبارکبادیں پڑھنے لگتے ہیں یا دُوسروں کو بھیجنے میں مشغول رہتے ہیں۔

دورانِ ڈرائیونگ یہ عمل جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ کئی افراد دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون سے اپنی تصویریں بھی کھینچنے لگتے ہیں‘ یہ عمل بھی ٹریفک ضابطوں کی خلاف ورزی میں شمار ہوتا ہے اور حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈرائیور حضرات کو میسجز پڑھنے‘ بھیجنے اور سوشل میڈیا کا استعمال گاڑی چلاتے وقت قطعاً نہیں کرنا چاہیے۔ ماضی میں عید کے دِنوں میں اس غیر قانونی حرکت کے باعث کئی حادثات رُونما ہو چکے ہیں جن میں کئی افراد ہلاک اور زخمی بھی ہوئے ہیں۔

عید کے مبارک موقعے کی خوشیوں پر ڈرائیور حضرات کو ٹریفک ضابطوں کو قطعاً نظر انداز نہیں کرنا چاہیے اور خوشی کے جذبات کی رو میں بہہ کر تیز رفتاری سے اجتناب کرنا چاہیے تاکہ یہ انتہائی پُرمسرت موقع کسے گھرانے کے لیے غمی میں نہ بدل جائے۔ ٹریفک ضابطوں کی رُو سے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال 800اماراتی درہم کے جرمانے کو دعوت دے سکتا ہے‘ اس کے علاوہ چار ٹریفک پوائنٹس کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

بریگیڈیر المزروعی نے بتایا کہ عید کی تعطیلات کے دوران دُبئی پولیس نے ٹریفک کو رواں دواں رکھنے ‘ ٹریفک جام میں کمی لانے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔ اس مقصد کے لیے تمام روڈز اور تفریحی مقامات اور شاپنگ مالز پر ٹریفک پولیس کا گشت بڑھا دیا جائے گاتاکہ لوگوں کو ٹریفک جام کے باعث کوفت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔