سرکاری دفاتر میں عوام کی دادرسی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانا ہوگی،چوہدری جاویداقبال وڑائچ

منگل 21 اگست 2018 00:40

رحیم یارخان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے ممبرقومی اسمبلی چوہدری جاویداقبال وڑائچ نے کہاہے کہ رحیم یارخان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام اداروں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا، سرکاری دفاتر میں عوام کی دادرسی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانا ہوگی تاکہ عوام کی توقعات پر پورا اترا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان جمیل احمد جمیل سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان جمیل احمد جمیل نے کہا کہ تمام اداروں کے سربراہان کو ہدایت جاری کی جاچکی ہیں کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے تمام وسائل بروئے لائیں اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جمیل احمد جمیل نے مزید کہا کہ رحیم یارخان میں تمام ادارے جانفشانی اور محنت سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، منتخب اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کی تجاویز اور آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو صحت تعلیم ودیگر سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ قبل ازیں ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے ڈی سی او رحیم یارخان کو عوام کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا، ایم این اے کے ہمراہ وفد میں طالوت سلیم باجوہ، چوہدری سجاد احمد وڑائچ، آصف رشید، چوہدری عثمان وڑائچ، چوہدری افتخار وڑائچ ودیگر بھی شامل تھے۔