برطانوی شہزادی ڈیانا کے انتقال کو 21 برس بیت گئے

جمعہ 31 اگست 2018 14:56

برطانوی شہزادی ڈیانا کے انتقال کو 21 برس بیت گئے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2018ء) برطانوی شہزادی ڈیانا کو ہم سے بچھڑے 21 برس بیت گئے۔ اپنی خوبصورتی کے لئے پریوں کی شہزادی کا خطاب پانے والی ڈیانا لوگوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں، فلاحی کاموں کے سلسلے میں انہوں نے پاکستان کا دورہ بھی کیا۔ ان کی آخری رسومات کو دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے براہ راست دیکھا۔

پریوں کی شہزادی جیسے القابات سے مشہور برطانوی شہزادی ڈیانا پرنسس آف ویلز یکم جولائی 1961ء کو پیدا ہوئیں۔ ڈیانا فرانسس سپنسر اپنے بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔

(جاری ہے)

1980ء میں برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ دوستی کی افواہیں پھیلیں جو 24 فروری 1981ء کو ان کی منگنی کے بعد دم توڑ گئیں۔ 29 جولائی 1981ء کو وہ رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ انہوں نی1982ء میں شہزادہ ولیم اور 1984ء میں شہزاد ہیری کو جنم دیا۔

وقت کے ساتھ ساتھ شاہی جوڑے کے تعلقات میں سرد مہری آتی گئی اور 28 اگست 1996ء کو ان کے درمیان طلاق ہو گئی۔ شہزادی ڈیانا فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں اور اس سلسلے میں پاکستان بھی آئیں۔ 31 اگست 1997ء کو وہ فرانس میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئیں۔ تنازعات نے نہ صرف زندگی بھر برطانوی شہزادی کا پیچھا کیا بلکہ ان کی موت بھی ایک معمہ بن گئی۔