سرجی میڈ ہسپتال میں دوران زچگی خاتون کی ہلاکت ،

چیف جسٹس پاکستان کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت حیرت ہے تندرست لڑکی کی نارمل زچگی ہوئی اور ہسپتال جانے کے بعد فوت ہو گئی،جسٹس ثاقب نثار کی ہدایت پر وزیر صحت یاسمین راشد و دیگر فوری پیش کمیٹی ہیلتھ کئیر کمیشن کے ساتھ مل کر معاملے کی انکوائری کریگی، 7سے 10روز میں انکوائری رپورٹ پیش کردینگے‘یاسمین راشد کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 8 ستمبر 2018 16:09

سرجی میڈ ہسپتال میں دوران زچگی خاتون کی ہلاکت ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2018ء) سرجی میڈ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث دوران زچگی خاتون کی ہلاکت کے معاملے پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین اور دیگر حکام سپریم کورٹ میں پیش ہو گئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی جو ہیلتھ کئیر کمیشن کے ساتھ مل کر معاملے کی انکوائری کرے گیسپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سے ایک شخص نے ملاقات کی اور بتایا کہ لاہور کے سرجی میڈ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث اس کی ڈاکٹر بیٹی کا انتقال ہوگیا، اسی صدمے سے دوسری بیٹی قومے میں جا چکی ہے۔

چیف جسٹس نے واقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ حیرت ہے کہ ایک تندرست لڑکی کی نارمل زچگی ہوئی اور ہسپتال جانے کے بعد فوت ہو گئی۔

(جاری ہے)

اس معاملے پر خود کمیٹی قائم کر کے تحقیقات کرائوں گا، چیف جسٹس نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری صحت اور ہیلتھ کئیر کمیشن سمیت ہسپتال کے مالک کو بھی فوری طلب کرلیا۔عدالتی حکم پر صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر بھی پیش ہو گئے ۔

چیف جسٹس کے روبرو پیش ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی ہیلتھ کئیر کمیشن کے ساتھ مل کر معاملے کی انکوائری کرے گی، 7سے 10روز میں معاملے کی انکوائری رپورٹ پیش کردیں گے۔