ٹرمپ کاگیارہ ستمبر 2001 کے واقعہ کے فلائٹ 93 کے ہیروزکو خراج عقیدت

طیارے کے عملے اور مسافروں نے اکھٹے ہو کر دہشت گردوں کو ناکام بنادیا،امریکی صدر کا تقریب سے خطاب

بدھ 12 ستمبر 2018 13:27

ٹرمپ کاگیارہ ستمبر 2001 کے واقعہ کے فلائٹ 93 کے ہیروزکو خراج عقیدت
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2018ء) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گیارہ ستمبر 2001 کے ان ہیروزکو خراج عقیدت پیش کیاہے جو فلائٹ 93 پر سوار تھے۔ پرواز کے دوران القاعدہ کے ہائی جیکروں نے طیارے پر قبضہ کر لیا اور وہ اسے واشنگٹن لیجا کر کیپیٹل ہل سے ٹکرا نا چاہتے تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طیارے پر سوار 40 مسافر اور عملے کے ارکان دہشت گردوں کے اس خوفناک اور تباہ کن منصوبے کی راہ میں دیوار بن گئے اور طیارے کے اندر مسافروں اور دہشت گردوں میں لڑائی شروع ہو گئی۔

اس دوران طیارہ اپنا کنٹرول کھو بیٹھا اور وہ ریاست پنسلوانیا کے ایک قصبے شانکس ول کے قریب ایک کھیت میں گر کر تباہ ہو گیا۔ جس سے اس پر سوار 40 مرد اور خواتین اور عملے کے ارکان ہلاک ہو گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی جان قربان کرکے کیپیٹل ہل کو تباہ ہونے سے بچا لیا۔جس جگہ طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، اس مقام پر ایک یاد گار قائم کی گئی ہے۔ وہاں ہونے والی ایک یادگاری تقریب میں صدر ٹرمپ بھی شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ طیارے کے عملے اور مسافروں نے اکھٹے ہو کر دہشت گردوں کو ناکام بنانے کا فیصلہ کیا۔ اور وہ اپنی آخری سانسوں تک دشمنوں سے لڑتے رہے۔ اور انہوں نے دہشت پھیلانے والی قوتوں اور ان کے خوفناک منصوبے کو شکست دے دوچار کر دیا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ یاد گار دنیا کو یہ پیغام دیتی ہے کہ امریکہ کبھی بھی جبرو استبداد قبول نہیں کرے گا۔

نائین الیون کے حملوں کے بعد سے تقریباً 55 لاکھ امریکی اپنی قومی فوج میں شامل ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو امریکی سرزمین پر آنے سے روکنے کے لیے میں امریکی فوج کے کمانڈر انچیف کی حیثیت سے، وہ سب کچھ کروں گا جو میرے اختیار میں ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر میں تقریباً ان سات ہزار فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اسلام کے نام پر ہونے والی دہشت گردی کا راستہ روکنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔