آپ کو کیسے پتہ،کیا آپ میرے ماموں کے ساتھ سو چکے ہیں

امام الحق کے جواب نے سوال پوچھنے والے بھارتی صحافی کو شرم سے پانی پانی کر دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 14 ستمبر 2018 20:44

آپ کو کیسے پتہ،کیا آپ میرے ماموں کے ساتھ سو چکے ہیں
دبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 ستمبر 2018ء) : پاکستانی بلے باز اور انضمام الحق کے بھانجے امام الحق نے سونے کے معمول پر بھارتی صحافی کو کرارا جواب دے ڈالا،صحافی بھی شرم سے پانی پانی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم اس وقت متحدہ عرب امارات میں موجود ہے ،جہاں وہ کل سے شروع ہونے والے ایشاء کپ میں شرکت کرے گی۔اس دوران پاکستانی بلے باز اورلیجنڈری سابق کرکٹر انضمام الحق کے بھانجے کا ایک بیان شہہ سرخیوں کا حصہ بن گیا۔

امام الحق میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے کہ ایک بھارتی صحافی نے شرارتی انداز میں سوال کیا کہ کیا آپ کے سونے کے معمولات بھی اپنے ماموں کی طرح ہیں کیونکہ ہم نے یہی دیکھا ہے کہ وہ بہت زیادہ سوتے تھے۔اس حوالے سے کیا آپ کے سونے کا معمول بھی انضمام الحق جیسا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سوال پر امام الحق نے برجستہ جواب دیتے ہوئے پوچھا کہ میرے ماموں کے سونے کے معمولات سے آپ کیسےواقف ہیں ،کیا آپ میرے ماموں کے ساتھ سو چکے ہیں۔

امام الحق کے فی البدیہہ جواب نے بھارتی صحافی کو شرم سے پانی پانی کرڈالا۔ اس موقع پر امام الحق نے یہ بھی بتایا کہ پاکستانی ٹیم ایشاء کپ میں اپنی جیت کے حوالے سے کافی پرعزم ہے۔انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا فوکس صرف پاک بھارت میچ پر نہیں بلکہ پورے ایشاء کپ پر ہے۔ یاد رہے کہ ایشاء کپ کا پہلامیچ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اتوار کو اپنا پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا۔