وزیر اعظم آزاد کشمیر کا واپڈا ہائوس کا دورہ، آزاد کشمیر میں واپڈا منصوبوں کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا،نیلم جہلم کے تحت آزاد کشمیر میں 22ترقیاتی سکیموں کے لئے فنڈدو ارب 27کروڑ سے بڑھا کرپانچ ارب 23کروڑروپے کردیا : چیئرمین واپڈا کی وزیر اعظم آزاد کشمیر کو بریفنگ،نیلم جہلم پراجیکٹ پاکستان اورا ٓزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا، وزیر اعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 15 ستمبر 2018 16:54

وزیر اعظم آزاد کشمیر کا واپڈا ہائوس کا دورہ، آزاد کشمیر میں واپڈا منصوبوں ..
لاہور۔15 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2018ء) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے واپڈا ہائوس کا دورہ کیا اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین سے ملاقات کی، وزیر اعظم کو آزاد جموں و کشمیر میں واپڈا پراجیکٹس کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔آزاد کشمیر میں واپڈا پراجیکٹس بالخصوص نیلم جہلم پراجیکٹ کی تکمیل میں آزاد جموں و کشمیرکے عوام کی قربانیوںاور حکومت کے تعاون کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے نیلم جہلم پراجیکٹ کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا اعادہ کیا ۔

ان ترقیاتی سکیموں کا مقصد زیریں علاقوں پر ماحولیاتی اثرات کودورکرنا اور مقامی افراد کی سماجی اور اقتصادی ترقی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ نوسیری سے ڈائون سٹریم میں تحفظ ماحول اور پینے کے پانی کی ضروریات کو ماحولیاتی مطالعات کی سفارشات کے مطابق پانی کا اخراج جاری رہے گا۔بریفنگ کے ووران وزیر اعظم ٓزاد جموں و کشمیر کو بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کے تحت جاری 22ترقیاتی سکیموں کے لئے مختص رقم دوارب 27کروڑ روپے سے بڑھا کر پانچ ارب 23کروڑ روپے کردی گئی ہے جبکہ واپڈاان ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کے لئے بھرپور معاونت فراہم کررہا ہے۔

وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر نے قومی اہمیت کے حامل نیلم جہلم پراجیکٹ کے چاروں یونٹ کی کامیاب تکمیل اور ان چاروں یونٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہونے پر واپڈا کو مبارک باد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پراجیکٹ پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ملاقات کے دوران نیلم جہلم پراجیکٹ کے تحت کمیونٹی ڈویلپمنٹ سکیموں پر پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مذکورہ سکیموں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام فریقین بھرپور کوششیں کریں گے۔

اس موقع پر وفاقی حکومت ، آزاد جموں و کشمیر کی حکومت اور واپڈا کے درمیان سہ فریقی معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران چیف سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نیلم جہلم ہائیڈرو پاو ر کمپنی بھی موجود تھے۔