سمندر پار پاکستانیوں کے لئے انٹرنیٹ ووٹنگ کے پائلٹ پروجیکٹ کی رجسٹریشن کا عمل مکمل

سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا عمل یکم ستمبر2018 سے شروع کیا گیا ، 17ستمبرکو صبح نو بجے اختتام پذیر ہوا،مجموعی طور پر 7410 پاکستانیوں کی رجسٹریشن کر لی گئی ، الیکشن کمیشن

پیر 17 ستمبر 2018 21:07

سمندر پار پاکستانیوں کے لئے انٹرنیٹ ووٹنگ کے پائلٹ پروجیکٹ کی رجسٹریشن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2018ء) سمندر پار پاکستانیوں کے لئے انٹرنیٹ ووٹنگ کے پائلٹ پروجیکٹ کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوگیا ہے،مجموعی طور پر 7410 پاکستانیوں کی رجسٹریشن کر لی گئی جو آنے والے ضمنی انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے ،الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا عمل یکم ستمبر2018 سے شروع کیا گیا اور پیر 17ستمبرکو صبح نو بجے اختتام پذیر ہوا رجسٹریشن کے عمل کے دوران منتخب کردہ ویب سائٹ24گھنٹے فعال رہی اور کوئی تکنیکی مسائل پیش نہیں آئے اس عمل کو موثر بنانے کے لئے اہلیت کا معیار مقرر کیا گیا جس میں کارآمد نائیکوپ اور کارآمد پاسپورٹ لازمی تھا اور یہ پاکستانی ضمنی انتخابات2018 کی انتخابی فہرست کا حصہ ہوجس میں 11قومی اور 26 صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کمیشن کے مطابق رجسٹریشن عمل کے طے شدہ معیار پر 631,909 بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی پورا اترتے تھے جو37 حلقوں کے ضمنی انتخابات کی انتخابی فہرستوں میں موجود تمام بیرونی مقیم پاکستانیوں کا 86% حصہ بنتے ہیں اور جغرافیائی لحاظ سے 771 ممالک میں موجود تھے۔ کمیشن کے مطابق 7419 بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے اس رجسٹریشن کے عمل میں کامیابی سے حصہ لیا اور طے شدہ پروگرام کے تحت الیکشن کمیشن رجسٹرڈ بیرون ممالک مقیم پاکستانی ووٹر زکو10سے 14اکتوبر کے درمیان ان کے دئے گئے ای میل ایڈریسسز پر ووٹر پاس جاری کریگا جس کی مدد سے وہ ضمنی انتخابات کے دن اپنا حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے الیکشن کمیشن نے رجسٹریشن کے عمل کو کامیاب کرانے کے لئے میڈ یا پر ایک بھر پور تشہری مہم چلائی جس میں بیرون ممالک پاکستانی سفارت خانوں اور کونسلٹس کے ذریعے بھی آگاہی مہم چلائی گئی ہے ۔

۔اعجاز خان