آئی جی پی خیبر پختونخوا کامحرم الحرام کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ

بدھ 19 ستمبر 2018 19:01

آئی جی پی خیبر پختونخوا کامحرم الحرام کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات ..
پشاور ۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے محرم الحرام کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بروز بدھ ڈیرہ اسماعیل خان کا تفصیلی دورہ کیا ۔ جہاں پراُنہوں نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام پُرامن طور پر منانے کے لئے اہل سنت و اہل تشیع کے اکابرین ، علماء کرام، منتخب عوامی نمایندوں اور اعلیٰ پولیس حکام کے اجلاس کی صدارت کی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں امام بارگاہوں کے دورے کرکے وہاں پر سیکورٹی انتظامات کا بذات خود جائزہ لیا۔

ڈی آئی جی ڈی آئی خان نے آئی جی پی کو محرم کی سیکورٹی کے حوالے سے اب تک کئے گئے حفاظتی انتظامات و اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

جس پر آئی جی پی نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں اہل تشیع و اہل سنت کے اکابرین نے کہا کہ ڈیرہ کے عوام پُرامن مزاج کے مالک ہیں اور دونوں مسلکوں کے عوام مثبت رویہ کا مظاہرہ کرکے ڈیرہ کو امن کا گہوارہ ثابت کریں گے،دونوں فرقوں کے اکابرین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ان کے پیروکار کہیں بھی شرپسند سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہے اور وہ مٹھی بھر شرپسند عناصر کا قلع قمع کرنے کیلئے پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔

اُنہوں نے محرم کے بعد کیلنڈر سال میں بھی امن و بھائی چارے اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی سے رہنے کا مکمل یقین دلایا۔ اس موقع پرآئی جی پی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فرقوں میں اعتماد کی فضا قائم ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ایک دوسرے کے مزید قریب آرہے ہیں۔ آئی جی پی نے پولیس کو چوکس اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور پولیس حکام کو مزید یہ بھی ہدایت کی گئی کہ نفری کو محرم کی ڈیوٹی پر لگانے سے پہلے اکٹھا کرکے اُنہیں اُن کے فرائض کے بارے میں سمجھائیںاور اُنہیں ان کے ڈیوٹی پوائنٹس کسی بھی صورت میں نہ چھوڑنے کی تلقین کریں ۔

آئی جی پی نے ڈیرہ پولیس حکام کو مزید ہدایت کی کہ وہ پولیس جوانوں کو ڈیوٹی پوائنٹس پر کھانے پینے کی اشیاء کا بندوبست کرکے ان کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں،پولیس جوانوں کو اپنی توجہ صرف اور صرف محرم کی ڈیوٹی پرمرکوز کرنے ہدایت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :