پولیس کی کارروائی مختلف وارداتوں میں ملوث 5گروہوں کی12ملزمان گرفتار

ملزمان کے قبضہ سے 61لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ اوربھاری مقدار میں ناجائز آتشیںاسلحہ برآمد

بدھ 19 ستمبر 2018 20:10

پولیس کی کارروائی مختلف وارداتوں میں ملوث 5گروہوں کی12ملزمان گرفتار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) انویسٹی گیشن پولیس صدر ڈویژن نے اقدام قتل کی واردات میں ملوث ملزم کی گرفتار ی کے علاوہ ڈکیتی،نقب زنی اور موبائل چوری کی سنگین وارداتوں میں ملوث 5گروہوں کی12ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 61لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ اوربھاری مقدار میں ناجائز آتشیںاسلحہ برآمدکر لیا۔

اِن خیالات کا اظہارایس پی صدر راشد ہدایت نے اپنے دفتر گرین ٹائون میں ایک پریس کانفرنس کے دوران الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔ اُنہوں نے بتایا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن اویس احمد کی واضع ہدایات کے تحت انویسٹی گیشن کی ٹیمیںاقدام قتل ،ڈکیتی، نقب زنی ،موبائل چوری اوردیگر وارداتوں کی روک تھام اور ان کے سدباب کے لیے شب و روز سر گرم عمل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تھانہ ہنجروال نے آگ لگا کر بیوی کو جلانے والے اس کے شوہر غلام حیدر کو گرفتار کر لیا ہے۔ملزم غلام حیدر نے گھریلولڑائی جھگڑے کی وجہ سے اپنی بیوی نگینہ بی بی کے کپڑوں پر لائٹر کی مددسے آگ لگا ئی جس سے نگینہ بی بی کو جسم جھلس گیااور ملزم موقعہ سے فرار ہوگیا۔اسی طرح انویسٹی گیشن صدر ڈویژن کی مختلف تھانوں کی انویسٹی گیشن ٹیموں نے ڈکیتی،نقب زنی اور موبائل چوری کی وارداتوں میں ملوث 5گینگز جن میں شہزاد عرف شادا ڈکیت گینگ،اشفاق عرف پھاکو ڈکیت گینگ،ندیم عرف کاکا موبائل چور گینگ،فیصل عرف دانا نقب زن گینگ،امجد عرف اجو نقب زن اور موبائل چور گینگ شامل ہیں کے 12ملزمان شہزاد علی،فہد جاوید،تنویر،،محمد زاہد ،محمد اشفاق،محمد ندیم ،محمد ممتاز،فیصل،محمد تنویر،عبدالمجید،امجد اور الیاس کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سی61لاکھ روپے سے زائد نقدی،16موبائل فونز، 3موٹرسائیکلیں،طلائی زیورات،پرائز بانڈزاور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

ایس پی صدر انویسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان کی لاہور شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں ڈکیتی، نقب زنی اور چوری کی 39مزیدوارداتیں بھی ٹریس ہوئی ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ آخر میں ایس پی انویسٹی گیشن صدر راشد ہدایت نے ڈکیتی، نقب زنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہوں کی گرفتاری پر پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ان میںتعریفی اسناد تقسیم کیں۔