یومِ عاشورہ ہمیں شہداء کربلا کی حق کی سربلندی اوردین محمدی کی بقاء کے لیے پیش کی گئی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،

شہادت امام حسینؓ کا عظیم واقعہ جبرواستبدادکی طاقتوں کا قلع قمع کرنے کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہ کرنے کا سبق دیتاہے ، صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا یومِ عاشورہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام

جمعرات 20 ستمبر 2018 17:09

یومِ عاشورہ ہمیں شہداء کربلا کی حق کی سربلندی اوردین محمدی کی بقاء ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یومِ عاشورہ ہمیں شہداء کربلا کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو اُنہوں نے حق کی سربلندی اوردین محمدی کی بقاء کے لیے میدان کربلا میں پیش کیں۔ شہادت امام حسینؓ کا یہ عظیم واقعہ ہرسال مسلمانوں کو اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ جبرواستبدادکی طاقتوں کا قلع قمع کرنے کے لیے ضرورت کے وقت جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہئیے۔

یہ وہ دن ہے جب حق وباطل کی جنگ میں خود نواسئہ رسولﷺ نے اپنی اور خانوادئہ رسول ﷺ کی جانوں کی عظیم قربانی دی اور اپنی شہادت سے سانحہ کربلاکے سبق کو عالمِ انسانیت کے لیے بالعموم اور عالمِ اسلام کے لیے بالخصوص مشعل راہ بنادیا۔

(جاری ہے)

یومِ عاشورہ محرم کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار وقربانی کا درس دیتا ہے۔

اعلیٰ مقاصد اور استقامتِ حق کا حصول ہی وہ نصب العین ہے جس کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئیے۔ یہی وہ عمل ہے جسے امام حسین رضی اللہ عنہ کے حوالے سے تاریخ نے اُسئوہ شبیری کے نام سے موسوم کیا ہے۔صدرڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج کے دن ہم یہ عہد کریں کہ ہم اسوئہ شبیری کی روشنی میں ہر وہ کام سرانجام دیں جواحترامِ انسانیت ، جمہوریت کی بقاء اور اسلامی اقدار کے فروغ کا باعث بنے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مفید ہو۔

دہشت گردی، انتہاپسندی اور عدم برداشت کے تباہ کن نظریات کے قلع قمع کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ رواداری ، حق وانصاف کے فروغ، بھائی چارہ اور امن و عامہ کے لیے اپنا کردارادا کرتے رہیں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ یہی وہ پیغام ہے جو شہادت امام عالی مقام کی عظیم الشان اور لازوال قربانی سے ہمیں ملتا ہے۔