ملک بھر کی طرح لاڑکانہ میں بھی 10 محرم الحرام یوم عاشورہ بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

جمعہ 21 ستمبر 2018 19:40

لاڑکانہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2018ء) ملک بھر کی طرح لاڑکانہ میں بھی 10 محرم الحرام یوم عاشورہ بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، نواسائے رسول صلی اللہ علیہ وسلم حضرت امام حسین علیہ اسلام اور ان کے باوفا ساتھیوں کی میدان کربلا میں دین اسلام کی سر بلندی کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع بھر میں 179 مجالس منعقد کی گئیں اور 181 ماتمی جلوسوں برآمد ہوئے جبکہ شہر بھر کی امام بارگاہوں سے چھوٹے بڑے جلوس بھی برآمد ہو ئے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنے مقررہ منزل پر اختتام پذیر ہوئے جبکہ مرکزی جلوس امام بارگاہ شاہ کربلا جاڑل شاہ سے برآمد ہوا، مرکزی جلوس شام کے وقت اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پاکستانی چوک پہنچا جس میں عزاداروں نے سینہ کوبی اور سینہ زنی کی اور شام کے وقت شام غریبان منعقد کی گئی جس میں نامور ذاکرین نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی جس پر عزادار آبدیدہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

مرکزی جلوس کے راستوں پر لنگر اور نیاز سمیت پانی، مشروبات کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ یوم عاشورہ پر سکیورٹی کے بھی انتہائی غیر معمولی انتظامات کرتے ہوئے 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور 300 رینجرز کے جوانوں کو تعینات کیا گیا جبکہ جلوسوں کو سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کیا گیا۔ اس ضمن میں ڈی آئی جی اور ایس ایس پی آفیس لاڑکانہ میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا تھا۔ دوسری جانب پولیس کی جانب سے شہر کے رائل روڈ سمیت دیگر اہم چوراہوں پر کارادار تاریں لگانے سمیت ٹرکیں کھڑی کرکے ٹریفک ون وے کردی گئی تھی۔