دُبئی: کار میں سے ہیروئن برآمد ہونے پر پاکستانی کو چھ ماہ قید کی سزا

ملزم کوسزا کے علاوہ پچاس ہزار درہم کا بھاری جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 ستمبر 2018 14:00

دُبئی: کار میں سے ہیروئن برآمد ہونے پر پاکستانی کو چھ ماہ قید کی سزا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 ستمبر 2018ء) ایک پاکستانی نوجوان کی کار سے میتھامفیٹمین نامی ممنوعہ نشہ آور دوائی کی برآمدگی کا الزام ثابت ہونے پر عدالت کی جانب سے چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ انسدادِ منشیات کو ایک مخبر نے اطلاع دی تھی کہ 21 سالہ پاکستانی نوجوان منشیات کی فروخت میں ملوث ہے، جس پر ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انسدادِ منشیات پولیس کے ایک اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف شکایت ملنے پر راس الخور کے علاقہ میں واقع اُس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا۔ مگر وہ وہاں سے چھوڑ کر کہیں اور رہائش پذیر ہو گیا تھا۔ تاہم کچھ دنوں بعد مخبر کی جانب سے دوبارہ اطلاع کی گئی کہ ملزم نے اپنا ٹھکانہ وحیدیہ میں بنا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

اس اطلاع پر ملزم کے گھر کی تلاشی کے وارنٹ حاصل کیے گئے،جس کے بعد چھاپہ مارا گیا تو ملزم گھر کے قریب اپنی کار میں موجود تھا۔

اس کی کار کی تلاشی لی گئی تو سیٹ کی جیب سے ایک پیکٹ مِلا جس میں ملزم نے ممنوعہ نشہ آور دوائی چھپا رکھی تھی جس کا وزن تقریباً ایک کلو گرام کے قریب تھا۔ جس پر ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے بعد ملزم کی نئی رہائش گاہ کی بھی تلاشی لی گئی مگر وہاں سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہو سکی۔ تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا تھا کہ اُسے یہ منشیات ایک ہم وطن نے دی تھی کہ اسے ایک اور شخص کو پہنچا دیا جائے۔

اس کام کے بدلے میں اُسے ایک ہزار درہم کی رقم دی جانی تھی۔ ملزم کے مطابق وہ منشیات کی منتقلی کا کام تقریباً پچھلے تین ماہ سے کر رہا تھا۔ تاہم عدالت میں ملزم کا کہنا تھا کہ اُس نے یہ نشہ آور دوائی فروخت کے لیے نہیں بلکہ اپنے ذاتی استعمال کے لیے رکھی تھی۔ عدالت نے گواہوں کے بیان سُننے کے بعد عدالت کی جانب سے ملزم کو قصور وار قرار دیتے ہوئے چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی گئی۔ ملزم کو سزا کی مُدت پوری ہونے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ اماراتی قانون کے مطابق ملزم فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل دائر کر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :