بھارتی فورسز کی طرف سے پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں 10 دیہات کامحاصرہ

شرمال میں محاصرے اور تلاشی کارروائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور جھڑپیں،5افراد زخمی

اتوار 23 ستمبر 2018 12:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ میں8 اور ضلع شوپیان میں 2دیہات کا محاصرہ کرکے تلاشی کی کارروائی کی ہے ۔ کشمیرمیڈیا سرو س کے مطابق بھارتی فوج ، سینٹرل ریزروپولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے مجاہدین کی موجودگی کا بہانہ کرکے پلوامہ کے علاقوں لاسی پو ر ہ ، آ ر مو لہ ،الائی پورہ،بٹھنور،گڑھ بگ،نائو پورہ پائین،حاجی ڈارپورہ اور اچھن کا محاصرہ کیا اور ان علاقوں کی طرف آنے والے تمام راستوں کو سیل کر کے گھر گھر تلاشی لی۔

تاہم کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے محاصرے اور تلاشی کارروائی کے دوران بھارتی فورسز کو کچھ بھی نہیں ملا۔بھارتی فوج نے ان علاقوں کے متصل ضلع شوپیان کے علاقوں کیگام اور سندو شرمال کا بھی محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کی کارروائی کی ۔

(جاری ہے)

تاہم تلاشی کارروائی کے دوران کچھ بھی بر آمد نہیں کیا جاسکا۔بھارتی فورسز نے جونہی سندو شرمال کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کی تو لوگ سڑکوں پر نکل آے اور احتجاجی مظاہرے کئے۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ گن اور آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیاجس کے جواب میں نوجوانوں نے بھارتی فورسز پر پتھرائوکیا ۔جھڑپوں کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہاجس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔