صدر مملکت کے وی آئی پی پروٹول پر احتجاج کرنے والے شہری کیخلاف مقدمہ درج

شارع فیصل تھانے میں درج مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت اور شہریوں کو غلط کام پر اکسانے کی دفعات شامل

اتوار 23 ستمبر 2018 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پروٹوکول توڑنے ،ْکار سرکار میں مداخلت اور شہریوں کو غلط کام پر اکسانے والے ایک شہری کیخلاف شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ پولیس کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کے قافلے کو گزارنے کیلئے گزشتہ رات 9 بجے شارع فیصل پر کار ساز کے قریب ٹریفک بند کی گئی تھی اس دوران نامعلوم شخص روکی گئی ٹریفک میں اپنی گاڑی کھڑی کر کے سب سے آگے نکل آیا اور ٹریفک روکنے والے پولیس اہلکاروں سے الجھ پڑا۔

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص خود ویڈیو بھی بنا رہا تھا ،ْ پولیس نے اس ویڈیو کی کاپی بھی حاصل کرکے میڈیا پر جاری کی جس میں وہ پولیس کے اشارے پر روکے ہوئے شہریوں کو ورغلاتا اور پولیس روکاوٹیں توڑنے کیلئے اکساتا نظر آیا ۔

(جاری ہے)

شہری نے پولیس کی جانب سے روکے جانے پر شہریوں کو کہا کہ وہ پولیس کے کہنے پر نہ رکیں، رکاوٹیں توڑ کر ٹریفک کھول دیں اور ملزم کے اکسانے پر کئی موٹر سائیکل سوار رکاوٹیں توڑ کر آگے نکل آئے۔

مذکورہ شخص ویڈیو میں اس کی بات نہ ماننے والے شہریوں کو بے غیرت کہتا رہا اور پولیس اہلکاروں کو دھکے بھی دیئے۔ پولیس کے مطابق اس دوران لوگ جمع ہوئے تو وہ مجمع کی آڑ میں فرار ہوگیا ،ْ پولیس وی وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے مزید کارروائی نہیں کرسکی بعد ازاں اعلیٰ حکام کی ہدایت پر شارع فیصل ٹریفک سیکشن کے ایس او سب انسپکٹر محمد سلیم نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ہے۔ شارع فیصل تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر 488/18 میں دفعات 186 اور 353 ت پ عائد کی گئی ہیں۔کار سرکار میں مداخلت اور شہریوں کو کسی غلط کام پر اکسانے والے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔