پاک افغان سرحد پر پاک فوج کی جانب سے لگائی جانے والی باڑ سے متعلق افغان نیوز ایجنسی کے شر انگیز پرو پیگنڈے کی سختی سے مذمت کرتے ہیں ،سابق نگران وزیرداخلہ سردار آغا عمر بنگلزئی

منگل 25 ستمبر 2018 00:10

کوئٹہ۔ 24ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) سابق نگران وزیرداخلہ سردار آغا عمر بنگلزئی نے پاک افغان سرحد پر پاک فوج کی جانب سے لگائی جانے والی باڑ سے متعلق افغان نیوز ایجنسی کے شر انگیز پرو پیگنڈے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاک فوج اپنے عوام کے تعاون سے ملک کی سرحدوں کے دفاع میں پوری طرح چوکس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرو پیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ افغان پاکستان سرحد پر باڑ لگانے پردونوں ملکوں کے درمیان تنازعہ ہے اور افغان حکومت کے حکم پر باڑ گرائی گئی ہے۔ سردار آغا عمر بنگلزئی نے کہا کہ خبر قطعی غلط اور جھوٹی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاک فوج نہایت کامیابی سے باڑ کی تعمیرکا کام تیزی سے کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام چیزیں افغان حکومت کے علم میں ہیں اور کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں۔ جبکہ سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ مذموم عزائم کے تحت پھیلا جارہا ہے ۔سردار آغا عمربنگلزئی نے کہا کہ پاک فوج کو اپنے عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے اور وہ عوام کے تعاون سے اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کا فریضہ قوم کے اطمینان کے مطابق انجام دے رہی ہے۔