جدہ : الحرمین ایکسپریس ٹرین پراجیکٹ کی بدولت تین ہزار سعودی برسرروزگار

اس تیز رفتار ٹرین پر مُلکی اور غیر مُلکی تمام افراد سفر کر سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 ستمبر 2018 16:11

جدہ : الحرمین ایکسپریس ٹرین پراجیکٹ کی بدولت تین ہزار سعودی برسرروزگار
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 ستمبر 2018ء) سعودی ریلوے ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر عبدالعزیز الصقیر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ الحرمین ایکسپریس ٹرین کی بدولت تین ہزار سعودی باشندوں کو ملازمتیں حاصل ہوں گی۔ ابتدائی اندازے کے مطابق اس پراجیکٹ کے لیے مخصوص کی گئی 35 ٹرینوں کے لیے مختلف شعبوں میں تین ہزار سے انجینئرز اور انتظامی اہلکاروں کی ضرورت ہے۔

اس مقصد کو مدنظر رکھ کر ریلوے انسٹی ٹیوٹ سو طلباء کو تربیتی پروگرام کروا رہا ہے جن کی ٹریننگ اگلے چند ہفتوں میں مکمل ہو جائے گی جس کے بعد وہ اس ٹرین پراجیکٹ میں مختلف نوعیت کی ذمہ داریاں سنبھال کر برسرروزگار ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید بات چیت کے دوران کہا کہ سوشل میڈیا پر یہ غلط خبر چلائی جا رہی ہے کہ الحرمین ٹرین کے جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ والے اسٹیشن سے صرف غیر مُلکی افراد ہی اس میں سوار ہو سکیں گے، اس بات میں قطعاً کوئی صداقت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یہ ٹرین تمام افراد کے لیے ہے، کسی بھی غیر مُلکی یا مقامی فرد پر اس ٹرین میں سفر کے حوالے سے کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔ ریلوے جنرل کارپوریشن کی جانب سے ایئر پورٹ پر 1.6 کلومیٹر لمبا انڈر پاس تیار کیا ہے جس کے باعث ایئرپورٹ کے اندر اور باہر والے مسافر یکساں طور پر سہولت سے فائدہ اُٹھا سکیں گے۔ یہ تیز رفتار ٹرین بجلی سے چلائی جا رہی ہے تاکہ کسی ہنگامی صورت حال میں اسے ڈیزل سے بھی چلایا جا سکے گا۔

اکتوبر کے آغاز سے دسمبر 2018ء کے اختتام تک جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکہ معظمہ، مدینہ منورہ، جدہ السلیمانیہ اور کنگ عبداللہ سٹی سے ٹرینیں باقاعدہ طور پر چلیں گی البتہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حرمین ایکسپریس ٹرین کی سفری سہولت ایئر پورٹ اور ریلوے اسٹیشن کی تکمیل کے بعد شروع کی جائے گی۔ ٹرین کی ویب سائٹ سے ٹکٹ ریزرویشن کی سہولت موجود ہو گی۔ اسٹیشنوں پر مسافروں کے لیے کھانے پینے کے ریستوران اور دیگر ضروری اشیاء بھی دستیاب ہوں گی۔مکّہ مکرمہ کا ریلوے اسٹیشن حرم شریف سے صرف چار کلومیٹر کی دُوری پر واقع ہے جبکہ مدینہ کا ریلوے اسٹیشن مسجد نبویؐ سے 9 کلومیٹر دُور بنایا گیا ہے۔