زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی کلیہ ویٹرنری سائنس کے زیراہتمام عالمی یوم حیوانات منایا گیا

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 23:47

فیصل آباد ۔6اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی کلیہ ویٹرنری سائنس کے زیراہتمام عالمی یوم حیوانات منایا گیا۔ دن کے حوالے سے ڈین کلیہ ویٹرنری سائنس ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی کی قیادت میں ایڈمن بلاک تک آگاہی واک نکالی گئی جس میں اساتذہ اور طلبہ کی طرف سے جانوروں سے پیار‘ ان کی دیکھ بھال اور بہتر نگہداشت کے حوالے سے شعور اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

آگاہی واک میں طلباء و طالبات ‘ اساتذہ کے ساتھ ساتھ گھوڑوں‘کتوں اور بلیوں کو بھی شامل کیا گیا تھاتاکہ لوگوں میں یہ شعور اجاگر کیا جائے کہ جانور ہماری روزمرہ زندگی کا اہم حصہ ہیں جن کی بہتر نگہداشت‘ علاج معالجہ اور دیکھ بھال ایسے ہی کرنی چاہئے جیسے ہم اپنے بچوں اور عزیزوں کی کرتے ہیں۔ آگاہی واک میں ڈاکٹر سہیل ساجد‘ ڈاکٹر ثاقب‘ ڈاکٹر خرم اشفاق‘ ڈاکٹر اشعر محفوظ‘ ڈاکٹر مہوش اعجاز اور ڈاکٹر مزمل سمیت جانوروں کی حفاظت ‘ علاج معالجے اور دیکھ بھال کے جرمن ادارے بروک انٹرنیشنل کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر طلباء و طالبات میں پوسٹر سازی کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے اور نتائج کے مطابق عامر رشید نے پہلی‘ اقراء ممتاز نے دوسری جبکہ احمد عمر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔