شاذروان کعبہ سے متعلق غلط فہمی دور کردی گئی

اتوار 7 اکتوبر 2018 11:20

شاذروان کعبہ سے متعلق غلط فہمی دور کردی گئی
مکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2018ء) مسجد حرام اور مسجد نبوی کے انتظامی امور کے نگراں ادارے نے ’’شاذروان کعبہ‘‘ کے حوالے سے سامنے آنیوالی ایک غلط فہمی ختم کردی ہے۔ بعض ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ باب کعبہ کے نیچے سے شاذوران کو ہٹا دیا گیا ہے۔حرمین کے نگران ادارے کے ترجمان نے کہا کہ شاذروان کعبہ کو مرمت کی غرض سے اکھاڑا گیا تھا۔

(جاری ہے)

شاذروان کو مکمل طور پر ہٹانے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ بعض ذرائع کا کہنا تھا کہ معتمرین کی سہولت کے لیے شاذروان کو ہٹایا گیا ہے۔واضح رہے کہ شاذروان کعبہ خانہ کعبہ شریف کے اطراف میں کعبہ کی بنیادوں کے ساتھ بنایا ایک حلقہ ہے۔ حرمین کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے مطاف کے فرش کے سنگ مرمر کو تبدیل کرنے کے لیے بعض مقامات سے شاذروان کو اکھاڑا گیا تھا۔