یورپ کے جنوب میں روسی آبدوزیں نیٹو کے لیے تشویش کا باعث ہیں، امریکی ایڈمرل

اس وقت کیلو کلاس کی چھ ہائیبرڈ آبدوزیں بحیرہ اسود اور بحیرہ روم کے مشرق میں کام کر رہی ہیں،بریفنگ

اتوار 7 اکتوبر 2018 14:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2018ء) ایک امریکی سینئر عسکری عہدے دار نے بتایا ہے کہ حالیہ طور پر جنوبی یورپ میں مصروف روسی آبدوزیں شمالی اوقیانوس کے اتحاد نیٹو کی تشویش کا باعث بن رہی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات نیپولی میں نیٹو اتحاد کی مشترکہ فورس کے کمانڈر ایڈمرل جیمز فوگو نے پینٹاگون میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

فوگو کے مطابق روس نے حالیہ برسوں میں نئی جنریشن کی آبدوزوں کے ذریعے اپنے بیڑے کو جدید بنایا ہے،امریکی ایڈمرل نے بتایا کہ اس وقت کیلو کلاس کی چھ ہائیبرڈ آبدوزیں بحیرہ اسود اور بحیرہ روم کے مشرق میں کام کر رہی ہیں۔ یہ آبدوزیں طویل مار کرنے والے کیلیبر میزائلوں سے لیس ہیں جو کسی بھی یورپی دارالحکومت تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

جیمز فوگو نے واضح کیا کہ یہ معاملہ میرے لیے اور نیٹو اتحاد میں میرے شراکت داروں اور دوستوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔روسی آبدوزوں کی نقل و حرکت پر کڑی نگرانی کرنے کے حوالے سے نیٹو اتحاد کی صلاحیت کے بارے میں جواب دیتے ہوئے امریکی ایڈمرل فوگو نے ابہام کا راستہ اپنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آپ سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ ہمیں آواز کے پہلو سے برتری حاصل ہے اور ہم اسے برقرار رکھیں گے۔فوگو کا اشارہ سماعت سے متعلق اس ٹیکنالوجی کی جانب تھا جو آبدوزوں کے ٹھکانوں کا تعین کرنے میں مدد گار ہوتی ہے۔