حکومت ملازمین کی بہبود کو یقینی بنانے کیلئے اتفاق رائے سے میکنزم وضع کرنے کیلئے پرعزم ہے،وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

منگل 9 اکتوبر 2018 23:45

حکومت ملازمین کی بہبود کو یقینی بنانے کیلئے اتفاق رائے سے میکنزم وضع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ حکومت ملازمین کی بہبود کو یقینی بنانے کیلئے اتفاق رائے سے میکنزم وضع کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ وہ 18ویں ترمیم کے تناظر میں ایمپلائز اولد ایج بینیفٹ انسٹیٹیوٹ اور ورکرز ویلفیئر فنڈ سے متعلق مسائل کے حل کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔

سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل ترقی کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی سیّد ذوالفقار بخاری بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان اور پاکستان ورکرز فیڈریشن کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور کہا کہ ہم اختیارات کی منتقلی یا صوبائی خود مختاری کے خلاف نہیں لیکن ہم اپنے ورکرز کی بہبود چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوشل سکیورٹی نیٹ کا انتظام مرکز کے پاس ہونا چاہئے اور اس پر عملدرآمد صوبوں کے ذریعے کیا جانا چاہئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سارے عمل میں ورکرز بڑے شراکت دار ہیں اور ان کے نقطہ نظر کو اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ حکمت عملی تشکیل دے کر اپنا نقطہ نظر دستاویزی شکل میں پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، حکومت اتفاق رائے سے میکنزم وضع کرنے کیلئے پرعزم ہے تاکہ ورکرز کی بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔