وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے سیکرٹریٹ اور دیگر محکموں کے مستقل ملازمین کے پراجیکٹ ایمپلائز ریگولرائزیشن کے حوالے سے تحفظات دور کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 21:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے سیکرٹریٹ اور دیگر محکموں کے مستقل ملازمین کے پراجیکٹ ایمپلائز ریگولرائزیشن کے حوالے سے تحفظات دور کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کمیٹی کی سربراہی کریں گے اسکے علاوہ کمیٹی وزیر قانون سلطان محمد خان،وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی،سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ پر مشتمل ہوگی۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق کمیٹی سیکرٹریٹ اور دیگر ملازمین کیساتھ مذاکرات کرکے 2018 میں مستقل کئے جانے والے پراجیکٹ ملازمین کے حوالے سے انکے تحفظات دور کرے گی۔ پراجیکٹ ملازمین کی مستقلی کے بعد دیگر مستقل ملازمین کی ترقی کے بارے میں تحفظات کو بھی دور کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پچھلی حکومت نے پراجیکٹ ایمپلائز ریگولرائزیشن ایکٹ 2018 کے تحت پراجیکٹ ملازمین کو مستقل کیا تھا جس پر سیکریٹریٹ اور دیگر مستقل ملازمین نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکی وجہ سے پہلے سے موجود ملازمین کی پروموشن اور دیگر مراعات پر اثر پڑے گا،انکے تحفظات دور کرنے کے لئے وزیراعلیٰ نے مذکورہ کمیٹی تشکیل دی ہے۔

کمیٹی ایگزیکٹیو الاونس سمیت ملازمین کے دیگر مطالبات بھی سنے گی۔وزیر اعلیٰ نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔اس امر کا اعلان وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کیا گیا۔