قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ، لاہور بلیوز نے راولپنڈی، حبیب بنک نے ایس این جی پی ایل اور کے آر ایل نے نیشنل بنک کو ہرا دیا

اتوار 14 اکتوبر 2018 13:30

راولپنڈی۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2018ء) قائد اعظم ٹرافی فور ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور بلیوز نے راولپنڈی، حبیب بنک نے سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ ( ایس این جی پی ایل) اور خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) نے نیشنل بنک کو شکست دے دی۔ پی سی بی کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ملک بھر میں جاری ہے، قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے گئے پول بی کے میچ میں لاہور بلیوز نے راولپنڈی کو بآسانی 9 وکٹوں سے زیر کیا۔

راولپنڈی کی ٹیم فالو آن کے بعد بھی نہ سنبھل سکی اور 218 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، طیب ریاض 66 اور کپتان عمر وحید 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شاہد نواز نے پانچ اور اعزاز چیمہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ راولپنڈی نے دوسری اننگز میں محض 20 رنز کی سبقت حاصل کی، لاہور بلیوز نے 21 رنز کا آسان ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، واضح رہے کہ لاہور بلیوز نے پہلی اننگز میں 334 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پنڈی کی ٹیم 136 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔

(جاری ہے)

اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں حبیب بنک نے ایس این جی پی ایل کو 248 رنز سے ہرا دیا، ایس این جی پی ایل کی ٹیم 469 رنز کا بڑا ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 220 پر آئوٹ ہوگئی۔ عمران خالد 62 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، کپتان مصباح الحق 30 رنز بنا سکے۔ عبدالرحمان نے چار اور جنید خان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ واضح رہے کہ ایس این جی پی ایل کی ٹیم پہلی اننگز میں جنید خان کی تباہ کن بائولنگ کے باعث صرف 35 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، مصباح الحق سمیت پانچ کھلاڑی صفر پر آئوٹ ہوئے جبکہ ایک کھلاڑی نے دوہرا ہندسہ عبور کیا، جنید خان نے 7 کھلاڑی میدان بدر کئے۔

کے آر ایل راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے نیشنل بنک کو 9 وکٹوں سے ہرایا۔ نیشنل بنک کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 240 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، رمیض راجہ 74 اور علی اسد 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ صدف حسین، احمد بشیر اور ثمین گل نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ کے آر ایل نے 33 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔