ضمنی انتخابات میں پہلی بار سمندر پار پاکستانیوں نے بھی حصہ لیا

بحرین سے پاس کوڈ سے متعلق شکایت ملی جس پر معلومات فراہم کی گئیں ،ْ چیف الیکشن کمشنر کو بریفنگ

اتوار 14 اکتوبر 2018 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2018ء) ضمنی انتخابات میں پہلی بار سمندر پار پاکستانیوں نے بھی حصہ لیا ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کو انتخابی عمل کا حصہ بنانے کیلئے اقدامات کیے گئے اور انہیں پہلے بطور ووٹر رجسٹرڈ کیا گیا ۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رجسٹریشن یکم ستمبر سے 17 ستمبرتک کی گئی اور وہ اپنی رجسٹریشن زائد المیعاد پاسپورٹ پر بھی کرسکتے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کیوقت پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہے، ووٹرز کو ووٹر پاس ای میل آئی ڈی مہیا کیا گیا ہے جس کے ذریعے انہوںنے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔الیکشن حکام نے بتایا کہ سمندر پار 7،364پاکستانی بطور ووٹرز رجسٹر کیے گئے ہیں جن میں سے اب تک بیرون ملک مقیم 2800 پاکستانی ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے سمندرپار پاکستانی اپنا ووٹ پاکستانی وقت کے مطابق ہی کاسٹ کر نے کی ہدایت کی ۔

الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے سے متعلق طریقہ کار کیلئے ٹاسک فورس کی آئی ووٹنگ رپورٹ ویب سائٹ پر جاری کی گئی ۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کو ادارے کے ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے بریفنگ دی۔ڈی جی نے بتایا کہ بحرین سے پاس کوڈ سے متعلق شکایت ملی جس پر انہیں معلومات فراہم کی گئیں۔