سرگودھا ، پاکستان کی ترقی کا دارومدار حصولِ علم میں مضمر ہے، ڈاکٹر طارق محمود قاضی

منگل 16 اکتوبر 2018 22:28

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر طارق محمود قاضی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا دارومدار حصولِ علم میں مضمر ہے ۔ پاکستان سے جہالت کا خاتمہ کرنے کے لیے قوم میں شعور پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ نسلِ نو کو محب وطن بنانے کے لیے اساتذہٴ کرام کو اپناکلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔

ہمارا حقیقی زیور تعلیم ہے ۔ ڈاکٹر طارق محمود قاضی نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں سنجیدگی سے کام کر رہی ہے ۔ اساتذہ اور طالب علموں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں۔ سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بلند ہوچکا ہے ۔ پرائیویٹ سیکٹر کی تعلیمی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔ محترمہ ثمینہ یاسمین نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت کا ہونا بہت ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

تربیت کے بل بوتے پر ہی ہم ایک اچھی قوم کی تشکیل کر سکتے ہیں۔ کمرہٴ جماعت کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک تربیت گاہ بھی ہونا چاہیے۔ والدین اور اساتذہ کو بچوں کی کردار سازی کی طرف خاص توجہ دینی چاہیے۔ جاوید آفتاب احمد ایڈووکیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ مشاہیرِ پاکستان کے کارنامے ہمارے لیے نشانِ منزل ہیں۔ جن لوگوں نے تعمیر وطن میں اہم کردار ادا کیا۔ اُن میں لیاقت علی خان سرِ فہرست ہیں۔ اُن کی لازوال خدمات ہمیشہ اہلِ وطن کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔