پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے،ہم مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی یو اے کی کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی سے گفتگو

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین مستحکم باہمی تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لئے مفید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی متحدہ عرب امارات میں کام کر رہے ہیں اور اس کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا شمار پاکستان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے،ہم مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اہم امور پر یکساں خیالات کے حامل ہیں اور دونوںممالک کی مذہبی اور ثقافتی اقدار مشترک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،ہم ثقافت اور اطلاعات سمیت مختلف شعبوں میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کے پاکستان کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے اس کے ایجنڈے کے حوالے سے مشترک خیالات کے حامل ہیں۔

انہوں نے وفاقی وزیر کو پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لئے بھرپور تعاون اور حمایت اور پاکستان میں یو اے ای کے منصوبوں کو اجاگر کرنے کے حوالے سے وزارت کے تعاون کا یقین دلایا۔