محمد عباس نے وہ ریکارڈ بنا دیا جو وسیم اکرم یا عمران خان کے پاس بھی نہیں

اب تک10ٹیسٹ میچز میں 15.94کی اوسط سے54وکٹیں حاصل کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 17 اکتوبر 2018 15:27

محمد عباس نے وہ ریکارڈ بنا دیا جو وسیم اکرم یا عمران خان کے پاس بھی نہیں
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستانی فاسٹ باﺅلر محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں وہ کارنامہ سر انجام د ے دیا جو اس سے قبل کوئی پاکستانی فاسٹ باﺅلر نہیں کرپایا تھا ۔28سالہ محمد عباس کو منگل کو آسٹریلیا کے خلاف شروع ہوئے دوسرے ٹیسٹ میں تیز ترین 50وکٹوں کا وقاریونس ، محمد آصف اور شبیر احمد کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے ایک وکٹ درکار تھی اور انہوں نے کینگرو اوپنر عثمان خواجہ کو وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کروا کر یہ کارنامہ سر انجام دے دیا ۔

،عباس یہ کارنامہ انجام دینے والے مشترکہ طور پر دوسرے پاکستانی باﺅلر بن گئے ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے صرف 9 میچز میں پچاس وکٹیں مکمل کر کے ملکی ریکارڈ پر قبضہ جما رکھا ہے جب کہ وقار یونس ، محمد آصف اور شبیر احمد نے 10، 10 میچز میں یہ اعزاز پایا تھا اور اب عباس بھی آسٹریلیا کے خلاف کیریئر کے دسویں میچ میں اس ریکارڈ میں شراکت دار بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عباس اب تک10ٹیسٹ میچز میں 15.94کی اوسط سے54وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور وہ پاکستان کے پہلے فاسٹ باﺅلر ہیں جنہوں نے اپنے پہلے 10ٹیسٹ میچز میں اتنی وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ اس سے قبل ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی پوری ٹیم 145رنز پر ڈھیر ہوگئی ہے اور پاکستان نے میچ میں137رنز کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی اوپنر ایرون فنچ اور شان مارش نے 20 کے مجموعی سکور سے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو فنچ 7 اور مارش صفر رنز پر کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا مجموعہ 43 تک پہنچایا تو شان مارش محمد عباس کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے، وہ 3 رنز بنا سکے۔ٹریوس ہیڈ 14 اور مچل مارش 13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے،ایرون فنچ 39رنز بنا کر بلال آصف کا پہلا شکار بنے جنہوں نے لنچ سے پہلے آخری اوور میں کپتان ٹم پین کو بھی پوویلین بھیجا،لبسچینی رن آﺅٹ ہوئے جبکہ لیون کو بلال آصف نے بولڈ کیا، محمد عباس نے سٹارک کو آﺅٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری مرتبہ اننگز میں5وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کے لیے محمد عباس نے5،بلال آصف نے3اور یاسر شاہ نے 1 وکٹ لی۔