پشاور ہاکی کپ پشاور کے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا

بدھ 17 اکتوبر 2018 18:32

پشاور ہاکی کپ پشاور کے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) پشاور ہاکی کپ پشاور کے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا ،افتتاحی روز پشاور ریڈ نے ایئر فورس کو دو ایک جبکہ ماری پیٹرولیم ڈیپارٹمنٹ نے پشاور گرین کو تین ایک سے شکست دیدی ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد سعید خان نے باقاعدہ طور پر مقابلوں کا افتتاح کیاان کے ہمراہ خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر شاہ ‘سیکرٹری جنرل حاجی ہدایت اللہ خان‘ سابق اولمپئن منظور الحسن ‘انٹرنیشنل کوچز سید ضیاء الرحمان بنوری‘یاسر اسلام سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘افتتاحی میچ میں پشاور ریڈ نے پاکستان ائرفورس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی ‘پشاور ریڈ کی طرف سے پہلا گول پینتیسویں منٹ میں زاہد نے سکور کیا ‘پاکستان ائرفورس کی طرف سے شبہاز نے 48 ویں منٹ میںپنلٹی سٹروک کے ذریعے گول کرکے میچ برابر کر دیا ‘پشاور ریڈ نے حملے جاری رکھے جس کے نتیجے میں 58 ویں منٹ میں پشاور ریڈ کے جنید نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلوائی جو آخر تک برقرار رہی ‘دوسرا میچ ماری پیٹرولیم ڈیپارٹمنٹ اور پشاور گرین کے مابین کھیلاگیا جس میں ماری پیٹرولیم ڈیپارٹمنٹ نے تین ایک سے کامیابی حاصل کی ، پشاور گرین کی طرف سے پہلا گول گیارویں منٹ میں جبران نے کیا جس کو 13 ویں منٹ میں ماری پیٹرولیم کی طرف سے عیسیٰ نے برابر کیا ، 26 ویں منٹ میں عبدالله جبکہ 36 ویں منٹ میں افراز نے فیلڈ گول کرکے میچ میں تین ایک سے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

آج شیڈول کے مطابق اٹھارہ اکتوبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے پشاور ریڈ اور پشاور گرین کی ٹیموں کے درمیان میچ ہوگا ‘ سہ پہر تین بجے پی اے ایف اور ماری پٹرولیم کے درمیان مقابلہ ہوگا ‘ کل انیس اکتوبر کو دوپہر دو بجے پی اے ایف اور پشاور گرین کی ٹیمیں کے درمیان ٹاکرا ہوگا ‘ سہ پہر ساڑھے تین بجے ماری پٹرولیم اور پشاور ریڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقابلے سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جارہے ہیں جس میں پاکستان ائرفورس ‘پشاور ریڈ‘پشاور گرین اور ماری پیٹرولیم کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں