حضرت بہائوالدین زکریاملتانی ؒکاتین روزہ سالانہ عرس اختتام پذیر

صوفیاء کرام کاروحانی فیض صدیوں سے جاری ہے،شاہ محمودقریشی کا اختتامی تقریب سے خطاب

بدھ 17 اکتوبر 2018 19:08

حضرت بہائوالدین زکریاملتانی ؒکاتین روزہ سالانہ عرس اختتام پذیر
ملتان۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) برصغیرکے عظیم روحانی پیشواحضرت بہائوالدین زکریاملتانی ؒکاتین روزہ 779واں سالانہ عرس بدھ کے روز پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کی ترقی،خوشحالی واستحکام کی دعائوں کے ساتھ اختتام پذیرہوگیا۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے زکریاکانفرنس کے اختتامی سیشن کی صدارت کی ۔اجمیر شریف کے سجادہ نشین بلال چشتی ،علامہ مظہر سعید کاظمی ،سید رمضان شاہ فیضوی ،ڈاکٹرصدیق خان قادری سمیت نامور علمائے کرام نے آخری سیشن سے خطاب کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ میں ایک طویل عرصے سے اس عرس میں شرکت کررہاہوں لیکن گزشتہ برسوں کے مقابلوں میں اس مرتبہ زائرین کی تعدادبہت زیادہ ہے۔انہوںنے پاکستان کی سلامتی کیلئے دعاکی اورکہاکہ اللہ پاک پاکستان کی مشرقی اور مغربی سرحدوں پرامن قائم رکھے اورپاکستان کی حفاظت فرمائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کی جدوجہد میں کامیاب ہوں۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے بھی دعاکی ۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے علامہ مظہرسعیدکاظمی نے کہاکہ بزرگان دین اورصوفیاء نے ہمیں امن بھائی، چارے اورمحبت کادرس دیا۔عوام نے صوفیاء کے مزارات سے روحانی فیض حاصل کیا،یہ فیض صدیوں سے جاری ہے اورہمیشہ جاری رہے گا۔انہوںنے کہاکہ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کامقدمہ انتہائی موثراندازمیں پیش کیا ۔

انہوںنے کہاکہ شاہ محمودقریشی سیاسی حلقوں میں مسٹرکلین کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں اورہمیں امید ہے کہ ملک کومسائل سے نکالنے کیلئے ان کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنارہوگی ۔ڈاکٹرصدیق خان قادری نے کہاکہ حضرت بہائوالدین زکریاؒکامدرسہ بہائیہ علم ودانش کامرکز تھایہاں دنیا کے کونے کونے سے آئے ہوئی70ہزار سے زیادہ طلباء نے تعلیم حاصل کی اورپھروہ تبلیغ اسلام کے لئے دنیا بھرمیں پھیل گئے ۔عرس میں زائرین کی بڑی تعدادنے شرکت کی جوملک کے دوردراز علاقوں خاص طورپرسندھ سے ملتان آئے تھے ۔عرس کے آخری روزمقامی تعطیل کااعلان کیاگیاتھا۔اس موقع پرقلعہ کہنہ قاسم باغ پرسیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔