نیوز اور کرنٹ افیئرز چینلز میڈیا اقداراور ضابطہٴ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں، پیمرا

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:44

نیوز اور کرنٹ افیئرز چینلز میڈیا اقداراور ضابطہٴ اخلاق کی مکمل پاسداری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا ) نے تمام نیوز اور کرنٹ افیئرز چینلز کو ایک بار بھر باور کراتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جرائم تشدد، جنسی استحصال، دہشت گردی، اغواء اور قدرتی آفات سے متعلق خبریں نشر کرتے وقت میڈیا اقداراور ضابطہٴ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں اور خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے سے گریز کریں۔

اس سلسلے میں اتھارٹی نے گزشتہ ماہ جاری کردہ تنبیہہ جس میں چینلز کو الیکٹرانک میڈیا ضابطہٴ اخلاق2015؁ء پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا کہاگیا تھاکے حوالے سے خاص طور پر ان تمام شقوں پر عملدرآمد یقینی بنائے جانے کی ہدایت کی ہے جن کا تعلق جرائم تشدد، جنسی استحصال ، دہشتگردی، اغواء اور قدرتی آفات سے ہے۔

(جاری ہے)

پیمرا کے مطابق متعدد ہدایات اور نوٹسزکے باوجود اتھارٹی کو عوام سے شکایات موصول ہو رہی ہیں جس میںکہا گیا ہے کہ نیوز چینلز پرغیر ضروری طور پر جرائم کی خبروں کی تشہیر جرم اور مجرم دونوں کو ترویج دینے کے برابر ہے۔

لہٰذاتمام سیٹلائٹ چینلز کو ایک بار پھر تنبیہہ کی جاتی ہے کہ جرائم تشدد، جنسی استحصال ، دہشتگردی، اغواء اور قدرتی آفات جیسے موضوعات پر رپورٹنگ پر احتیاط برتی جائے اور ان موضوعات پر خبروں کو بار بار بلیٹین میں یا بریکنگ نیوز کے طور پر شامل نہ کیا جائے۔تمام لائسنس یافتگان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ الیکٹرانک میڈیا ضابطہٴ اخلاق2015؁ء پر سختی سے عملدرآمد کریں ۔ خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا قانونی کارروائی عمل میں لانے کا مجاز ہو گا۔

متعلقہ عنوان :