شارجہ میں نئے پارکنگ ضوابط متعارف کرا دیئے گئے

پارکنگ ایریا کے آپریٹر کے لیے ایک خاص ڈیزائن کا کمرہ لازمی قرار دیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 اکتوبر 2018 17:45

شارجہ میں نئے پارکنگ ضوابط متعارف کرا دیئے گئے
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر2018ء) شارجہ میں نیا ٹریفک قانون متعارف کرا دیا گیا ہے جس کے تحت پرائیویٹ پارکنگ احاطوں کے مالک کو پارکنگ ایریا میں پارکنگ کا نظام سنبھالنے والے ملازم کے لیے ایک کمرہ یا دفتر تعمیر کرنا لازمی ہو گا۔ نجی پارکنگ انویسٹرز کو کمرے کے لیے پندرہ ہزار درہم ادا کرنا ہوں گے۔ یہ بات میونسپلٹی کے ایک اہلکار نے بتائی۔

اہلکار کے مطابق پارکنگ لائسنس کی تجدید کرواتے وقت اس ضابطے پر پابندی لازمی ہو گی۔ تمام نجی پارکنگ ایریاز میں ایک ہی ڈیزائن کا کمرہ تعمیر کیا جائے گا۔ جس میں تکنیکی اور حفاظتی معیارات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ آپریٹرز اس رُوم کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہیں کریں گے۔ میونسپلٹی کی جانب سے اس حوالے سے ایک سرکلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس میں نئے قواعد وضوابط سے آگاہ کیا گیا ہے۔ جن کے تحت نجی پارکنگ ایریاز کے ملازمین کے لیے ڈیوٹی کے دوران پیلے رنگ کی سیفٹی جیکٹس پہننا لازمی ہوں گی۔ ان جیکٹس کے داہنی جانب پارکنگ کمپنی کا نام، بائیں جانب ملازم کا نام، جبکہ کمپنی کا نام اور لوگو جیکٹ کی پچھلی جانب عربی اور انگریزی میں تحریر کرنا لازمی ہے۔ سرکلر کے مطابق پارکنگ ایریامیں بنایا گیا کمرہ ایک خاص ڈیزائن کا ہو گا جس میں پارکنگ آپریٹر کے لیے آرام دہ نشست کا ہونا لازمی ہے۔

میونسپلٹی کے مطابق ساس اقدام کا مقصد تمام نجی پارکنگ ایریاز میں یکسانیت لانا ہے۔ اس وقت شارجہ میں میونسپلٹی کے زیر انتظام 253 نجی پارکنگ ایریاز ہیں۔ میونسپلٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ کسی پارکنگ ایریا میں نئے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی دیکھیں تو اس کی اطلاع میونسپلٹی کے کال سنٹر کو دیں۔ جو انویسٹرز نجی پارکنگ ایریا کا ٹھیکہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اُنہیں پہلے پلاننگ اینڈ سرویئنگ ڈیپارٹمنٹ میں لائسنس کے اجراء کے حوالے سے درخواست جمع کروانی ہو گی، اس کے بعد اُنہیں شارجہ اکنامک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے اکنامک لائسنس حاصل کرنا ہوگا، اس کے بعد روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے منظوری کا مرحلہ آئے گا اور آخر میں میونسپلٹی کا اجازت نامہ لینا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :