عدالت نے اداکارہ میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس میں دائر درخواست پر 25اکتوبر کو ریکارڈ طلب کر لیا

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:49

عدالت نے اداکارہ میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس میں دائر درخواست پر 25اکتوبر ..
لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) فلمسٹار میرا کی مشکلات کم نہ ہو سکیں ،عدالت نے نکاح پر نکاح کیس میں ضابطہ فوجداری کی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے دائر درخواست پر 25اکتوبر کو ریکارڈ طلب کر لیا۔ کینٹ کچہری میں اداکارہ میرا کا شوہر ہونے کے دعویدار عتیق الرحمان کے وکیل چوہدری نعمان عتیق کی جانب سے اداکارہ میرا کے خلاف مقدمہ بحالی کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 2016 میں اداکارہ میرا نے کینٹ کچہری کی جوڈیشل مجسٹریٹ عظمی ستار کی عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی جس کے مطابق میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کا کیس فیملی عدالت میں زیر سماعت ہے اس لئے فوجداری کارروائی نہیں چل سکتی لہذا عدالت فوجداری کاروائی روکنے کا حکم دے۔

(جاری ہے)

اداکارہ میرا کی درخواست پر کینٹ کچہری کی عدالت نے 26جولائی 2016 کو فوجداری کارروائی روک دی لیکن فیملی کورٹ کے جج نے 18صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں اداکارہ میرا کے دعوے کو خارج کرتے ہوئے عتیق الرحمان سے ان کے نکاح کو حقائق پر مبنی قرار دیا تھا اس لئے اب عتیق الرحمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اداکارہ میرا کے نکاح پر نکاح کیس میں ضابطہ فوجداری کی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے احکامات دئیے جائیں جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ ہدایت اللہ شاہ نے میرا کیس کے حوالے سے 25اکتوبر کو ریکارڈ طلب کرلیا۔

متعلقہ عنوان :