محمد عباس نے مین آف دی میچ ایوارڈ بیٹی کے نام کردیا

پرفارمنس بیٹی کو سالگرہ کا تحفہ ہے: فاسٹ باﺅلر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 اکتوبر 2018 16:33

محمد عباس نے مین آف دی میچ ایوارڈ بیٹی کے نام کردیا
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر2018ء) پاک آسٹریلیا ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ با ﺅ لر محمد عباس نے مین آف دی میچ ایوارڈ بیٹی کے نام کردیا۔ان کا کہنا ہے کہ پرفارمنس بیٹی کو سالگرہ کا تحفہ ہے۔پاک آسٹریلیا ٹیسٹ میچ میں محمد عباس نے پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

محمد عباس کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کے کمزور پہلوﺅں کا ویڈیوز سے معائنہ کیا ، اسی کا فائدہ ملا ، اپنی محنت کررہا ہوں، جب بھی ٹیم کو ون ڈے کرکٹ میں ضرورت ہوگی میں دستیاب ہوں۔یاد رہے کہ پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373رنز سے شکست د ے کر 2ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-0سے اپنے نام کرلی ہے ۔ابوظہبی ٹیسٹ میں چوتھے روز آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عباس نے ایک بار پھر شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرویس ہیڈ کو36 رنز پر کیچ آﺅٹ کروایا اور پھر مچل مارش 5رنز پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کرکے پویلین واپس بھیجا، اس کے بعد انہوں نے کینگرواوپنر ایرون فنچ کو31رنز پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا اور پھر آسٹریلیوی کپتان ٹم پین بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں میں آنے والی گیند کو چھوڑنے کے نتیجے میں بولڈ ہوکر پوویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

مچل سٹار ک کو یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا جبکہ لبسجینی محمد عبا س کا شکار بنے جنہوں نے میچ میں اپنے 10شکار مکمل کیے ، یاسر شاہ نے جان ہالینڈ کو آﺅٹ کرکے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی اور آسٹریلیا کی پور ی ٹیم صرف 164رنز بنا کر پوویین لوٹ گئی ، پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عباس نے 5شکار کیے،یاسر شاہ نے 3 جبکہ میر حمزہ نے 1وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ابوظہبی میں کھیلے جانےوالے میچ کے تیسرے دن پاکستان نے دوبارہ بیٹنگ کا آغاز کیا تو حارث سہیل گزشتہ روز کے سکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد آﺅٹ ہوئے تاہم 6 رنز بعد ہی سابق کپتان اظہر علی مضحکہ خیز طریقے سے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، جسکے بعد اسد شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالا لیکن اسد شفیق بھی 235 رنز کے مجموعے پر 44 رنز بنا کر لبوشین کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔

5وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور نوجوان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کی برتری کو 500 رنز تک پہنچا دیا۔دریں اثنا بابر اعظم اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل نہ کر سکے اور مچل مارش کی گیند پر 99 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے۔واضح رہے کہ بابر اعظم اب تک 13 ٹیسٹ میچ کھیلے چکے ہیں جس میں انہوں نے 6 نصف سنچریاں سکور کیں تاہم سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 282 ر نز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوگئی تھی، جس میں فخر زمان اور سرفراز احمد نے 94، 94 رنز سکور کیے تھے۔پاکستان کے محمد عباس نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے دوسرے دن 33 رنز دے کر 5 آسٹریلین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرکے انکی اننگز 145 رنز پر تمام کردی تھی۔پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو محمد حفیظ میچ میں دوسری مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور 6 رنز بنانے کے بعد 15 کے مجموعے پر اپنی وکٹ دے بیٹھے۔

حفیظ کے بعد اظہر علی اور فخرزمان نے آسٹریلین کھلاڑیوں کے چیلنج کو قبول کیا اور ٹیم کا سکور 106 رنز تک پہنچایا جہاں فخر زمان 66 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوگئے تھے۔میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا لیے تھے اور انہیں 281 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔