بھٹہ خشت مزدوروں کو سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء کیلئے محکمانہ اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے، کمشنر سوشل سکیورٹی

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 22:37

فیصل آباد۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) کمشنر سوشل سکیورٹی پنجاب ثاقب منان نے ہدایت کی ہے کہ بھٹہ خشت مزدوروں کو سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء کے لئے محکمانہ اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ انہیں علاج معالجہ سمیت دیگر مراعات کی فراہمی یقینی ہو۔انہوں نے یہ ہدایت ڈی سی آفس میں محکمہ لیبر وسوشل سکیورٹی کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد بھی موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر لیبر ویسٹ منور احمد اعوان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رائے یاسین،ڈائریکٹرز سوشل سکیورٹی برجیس علی خان،شہزاد احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر ملک لیاقت علی کے علاوہ مزدوررہنمااسلم وفا،محمدافضل اعوان ودیگر نے بھی شرکت کی۔کمشنر سوشل سکیورٹی نے کہا کہ بھٹہ مالکان کو اپنے ذمہ واجبات جمع کرانے کا پابند کیا جائے تاکہ مزدوروں کو سوشل سکیورٹی کارڈز کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے سوشل سکیورٹی ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات تک بھٹہ مزدوروں کی رسائی ہونی چاہیے جبکہ ہسپتال کو مزید بہتر بنانے پر بھی توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پرویجیلینس کمیٹی کا ماہانہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرکے بھٹہ خشت ورکرز کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات کے علاوہ سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیں۔

کمشنر سوشل سکیورٹی نے کہا کہ آجر اور اجیر کے مابین خوشگوار تعلقات میں ہی صنعتی ترقی کا راز مضمر ہے لہذا کسی بھی مسئلہ کو افہام وتفہیم سے ہی حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کو میرج وڈیتھ گرانٹ کے ریٹس ازسر نو مقرر کرنے کے لئے سوچ بچار کا عمل جاری ہے اس ضمن میں جلد مثبت پیشرفت ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ بھٹہ مزدوروں کی فلاح وبہبودکے اقدامات میں کوئی عذر برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزدور رہنماؤں کی طرف سے پیش کئے جانے والے بعض مسائل کے حل میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ویجیلینس کمیٹی کے اجلاس میں محکموں کی کارکردگی کے جائزہ کے ساتھ بھٹہ مزدوروں کی فلاح وترقی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے سوشل سیکیورٹی کارڈز کے اجراء کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کو مزید متحرک کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر لیبر اور ڈائریکٹرزسوشل سیکیورٹی نے محکمانہ کارکردگی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ضلع میں 439 بھٹے فنکشنل ہیں جہاں 2193 ورکرز کام کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 1721 ورکرز کو سوشل سیکیورٹی کارڈز جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ 181 بھٹوں کی طرف سے ادائیگی کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھٹہ مالکان کو اپنے ذمہ واجبات کی ادائیگی کے لئے متحرک کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزدوروں کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔مزدوررہنما اسلم وفا نے کمشنر سوشل سیکیورٹی کو فیصل آباد آمد پر خوش آمدید کیااور بعض مسائل کی نشاندہی کی۔بعدازاں کمشنر سوشل سیکیورٹی ثاقب منان نے سوشل سیکیورٹی ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرکے محنت کشوں کو علاج معالجہ کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :