غداری کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنا جواب جمع کروادیا

غداری کے الزامات سنگین ہیں، کیا ملک کو ناقابل تسخیر بنانے والا غدار ہو سکتا ہے؟ نواز شریف کا جواب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اکتوبر 2018 13:38

غداری کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنا جواب جمع کروادیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف نے غداری کا مقدمہ درج کرنے کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ میں اپنا جواب جمع کروادیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا کہ غداری کے الزامات سنگین ہیں۔ اس سے میرے ذہن میں کئی سوالات اُٹھ رہے ہیں۔ کیا مجھے وزیراعظم بنانے والے کروڑوں لوگوں کی حب الوطنی مشکوک ہے؟ہمیں ضمنی انتخاب میں سب سے زیادہ ووٹ ملے۔

کیا ملک کو ناقابل تسخیر بنانے والا غدار ہوتا ہے؟کیا ملک کو دہشتگردی سے نجات دلوانے والا غدار ہوتا ہے؟ عدالت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی اپنا جواب جمع کروادیا اور اپنے اوپر عائد تمام الزامات کو مسترد کر دیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی اجلاس کے بعد نواز شریف سے پارٹی معاملات پر بات ہوئی۔

(جاری ہے)

مجھ پر عائد تمام الزامات بے بنیاد اور مفروضوں پر مشتمل ہیں۔ یاد رہے کہ رواں ماہ 8 اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے کے الزام میں دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت میں کی جانے والی گذشتہ سماعت پر سابق وزیراعظم نوازشریف، شاہد خاقان عباسی اور سرل المیڈا کو تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر طلب کیا تھا۔

عدالت نے صحافی سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لیتے ہوئے ان کا نام بھی ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا اور کہا کہ سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاضری یقینی بنانے کے لیے جاری کیے تھے ۔ واضح رہے کہ ۔ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر درخواست میں نواز شریف کے متنازع انٹرویو کو بنیاد بنایا گیا ہے اور نشاندہی کی گئی ہے کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمی کے حلف کی پاسداری نہیں کی ۔ جس پر آج سابق وزیراعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے تحریری جواب جمع کروادیا ہے۔