ْاطلاعات کی بروقت، درست، مؤثر ترسیل انفارمیشن افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے، فواد چودھری

انفارمیشن افسران عوام کو حقیقی تبدیلی سے آگاہ کرنے میں متحرک کردار ادا کریں، وزیر اطلاعات کی پبلک ریلیشنز افسران سے گفتگو

پیر 22 اکتوبر 2018 20:30

ْاطلاعات کی بروقت، درست، مؤثر ترسیل انفارمیشن افسران کی بنیادی ذمہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فوادحسین نے کہا ہے کہ اطلاعات کی بروقت، درست، مؤثر ترسیل انفارمیشن افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے، پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کیلئے انفارمیشن افسران اپنا بھرپور کردار ادا کریں، جدید دنیا میں بیانئے کی جنگیں لڑی جا رہی ہیں۔ وزیر اطلاعات نے یہ بات پیر کو پبلک ریلیشنز افسران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل اور وزارت کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اطلاعات کی بروقت، درست، مؤثر ترسیل انفارمیشن افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ابلاغ کی قوت اور اہمیت بخوبی سمجھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام وزارتوں میں اشتراک عمل اور معلومات تک رسانی کو مزید مربوط اور فعال بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن افسران حکومتی اقدامات عوام کے سامنے پیش کرنے کا ذریعہ ہوتے ہیں اور حکومت اور عوام میں رابطے کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعا ت اور انفارمیشن افسران ہی پاکستان کا تشخص بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن افسران عوام کو حقیقی تبدیلی سے آگاہ کرنے میں متحرک کردار ادا کریں۔