آل سندھ انڈر 17 انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل رائونڈ کراچی میں شروع ہوگیا

منگل 23 اکتوبر 2018 20:33

آل سندھ انڈر 17 انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل رائونڈ کراچی میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) آل سندھ انڈر 17 انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل رائونڈ کراچی میں شروع ہوگیا ہے ۔ پہلے روز چار میچ کھیلے گئے کراچی سینٹرل اور حیدرآباد ڈسٹرکٹ نے اپنے اپنے میچز جیت لئے، جبکہ سکھر اور کراچی سائوتھ جبکہ جیکب آباد اور خیر پور کے میچز برابر رہے۔ اولمپکس اور ورلڈکپ گولڈ میڈلسٹ شاہد علی خان نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔

عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ کا پہلا میچ جیکب آباد اور خیرپور کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2۔2 گول سے برابر رہا ، جیکب آباد کی طرف سے عطا اللہ اور سجاد علی نے ایک ، ایک جبکہ خیرپور کی جانب سے ذیشان علی اور عبدالقدیر نے ایک، ایک گول کیا۔

(جاری ہے)

دوسرے میچ میں حیدرآباد نے دادو ڈسٹرکٹ کو 2۔3 گول سے شکست دے دی ، حیدرآباد کی جانب سے عدنان نے دو جبکہ محمد قیص نے ایک گول اسکور کیا۔

دادو کی جانب سے احسان علی نے دو مرتبہ گیند کو جال کی نذر کی۔ تیسرا میچ کراچی ساؤتھ اور سکھر کے درمیان 2۔2 گول سے برابر رہا۔کراچی کی طرف سے حماد اور محمّد رضا نے ایک ، ایک جبکہ سکھر کی طرف سے محمّد سفیان اور حارث نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ چوتھے میچ میں کراچی سنٹرل نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد جامشورو ڈسٹرکٹ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، فاتح ٹیم کی جانب سے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی سید سعد علی نے دو خوبصورت گول اسکور کرکے ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا، شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے سردار نے واحد گول اسکور کیا۔

افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی اولمپین شاہد علی خان کے علاوہ اولمپیئن کامران اشرف، سابق انٹر نیشنل ممتاز حیدر، تسنیم عثمانی، طارق میر ، محمّد رمضان جمالی سیکرٹری سندھ ہاکی ایسوسی ایشن اور دیگر بھی موجود تھے۔ ٹورنامنٹ میں (آج) بدھ کوچار میچز کھیلے جائیں گے پہلا میچ دادو اور سکھر، دوسرا میچ کراچی سینٹرل اور خیرپور، تیسرا میچ جامشورو اور جیکب آباد جبکہ چوتھا میچ کراچی ساؤتھ اور حیدرآباد کے درمیان کھیلا جائیگا۔