افغان صوبے پکتیا میں امریکی ڈرون حملے اور صوبہ ننگر ہار میں افغان سپیشل فورسز کی کاmروائی میں 9 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

اتوار 28 اکتوبر 2018 17:40

کوہاٹ/کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2018ء) پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبے پکتیا میں امریکی ڈرون حملے اور صوبہ ننگر ہار میں افغان سپیشل فورسز کی کاروائی میں 9 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔سرحدپار سے موصولہ اطلاعات اور افغان میڈیا کے مطابق اتوار کے روزپاک افغان سرحد پر واقع صوبہ پکتیا کے ضلع زورمت کے علاقے یمنی خیل میں امریکی ڈرون نے ایک گاڑی کو نشانہ بناکر حملہ کیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارپانچ طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ گاڑی مکمل طورپر تباہ ہوگئی۔

ادھر افغان میڈیا نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ صوبہ ننگرہار کے ضلع خوگیانی کے علاقے خالق داد میں گزشتہ شب افغان سپیشل فورس اور افغان انٹیلی جنس ادارے نے مشترکہ طورپر کاروائی کرتے ہوئے چار طالبان کو ہلاک کردیا جبکہ اسلحہ کا ڈپو بھی تباہ کردیا۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق کئی مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے دونوں واقعات پر کوئی ردعمل ظاہرنہیں کیا ہے۔

ادھر اتوار کے روز افغان صدر اشرف غنی کی جنوبی صوبہ ہلمندکے صدرمقام لشکرگاہ آمد پر گورنرہاؤس پرراکٹ فائر کئے گئے جو قریبی علاقے میںگرکردھماکے سے پھٹ گئے تاہم ویران جگہ گرنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ افغان فورسز نے بھی جوابی کاروائی کرتے ہوئے کئی فائرداغے جس کے بعد خاموشی ہوگئی۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ راکٹ فائر کرنے کا نشانہ گورنرہاؤس تھا ۔