فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ نے راتوں و رات زندگی تبدیل کر دی تھی، دپیکا پڈوکون

پیر 29 اکتوبر 2018 23:11

فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ نے راتوں و رات زندگی تبدیل کر دی تھی، دپیکا ..
ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2018ء) بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے کہا ہے کہ فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ نے راتوں و رات میری زندگی تبدیل کر دی تھی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق دپیکا پڈوکون نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ نے میری زندگی راتوں و رات تبدیل کر دی تھی، مجھے آج بھی یاد ہے جب میں ورلڈ پریمیئر کے لیے ممبئی سے جا رہی تھی تو لوگ مجھے بالکل مختلف انداز سے دیکھ رہے تھے اور جب میں دوسرے ملک کی سر زمین پر امیگریشن کے سامنے پہنچی تو مجھے احساس ہوا کہ میری زندگی بدل سی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دپیکا پڈوکون نے کہا کہ قسمت اور موقع آپ کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، میرے دوست نے مجھے ممبئی جانے کا مشورہ دیا، انہوں نے میرے والدین کو آمادہ کیا اور میں اپنے فن کو دکھانے کے لیے ممبئی جیسے انجان شہر پہنچ گئی۔ دپیکا نے بتایا کہ میری خوش نصیبی تھی کہ جب میں ممبئی پہنچی تب فرح خان فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ بنا رہی تھیں اور وہ اس فلم میں بہترین اداکارہ کو دیکھنا چاہتی تھیں۔ انہوں نے شاہ رخ خان جیسی بڑی شخصیت کے مد مقابل نامور اداکارہ کو لانے کے بجائے مجھ جیسے نئے چہرے کو ترجیح دی اور پھر میرے لیے سب کچھ بدل سا گیا۔