آسیہ بی بی کی رہائی اور بیرون ملک روانگی کی خبریں زیر گردش

حکومت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی، آسیہ بی بی کو تاحال رہا بھی نہیں کیا گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 3 نومبر 2018 23:02

آسیہ بی بی کی رہائی اور بیرون ملک روانگی کی خبریں زیر گردش
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 نومبر2018ء) آسیہ بی بی کی رہائی اور بیرون ملک روانگی کی خبریں زیر گردش، حکومت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی، آسیہ بی بی کو تاحال رہا بھی نہیں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی سے متعلق زیر گردش خبروں پر حکومت کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

آسیہ بی بی تاحال پاکستان میں ہی موجود ہے۔ جبکہ آسیہ بی بی کو تاحال جیل سے رہا بھی نہیں کیا گیا۔ جیل حکام کو تاحال آسیہ بی بی کی رہائی کے احکامات موصول نہیں ہوئے۔ عدالتی احکامات موصول ہونے کے بعد آسیہ بی بی کو جیل سے رہا کیا جائے گا۔ دوسری جانب توہینِ مذہب کے الزام میں سزائے موت کی منتظر مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سپریم کوٹ سے رہائی کے بعد ان کے وکیل ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک کو آسیہ بی بی کا کیس لڑنے اور انہیں رہائی دلوانے کے بعد جان سے مار دینے کی دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں۔ یورپ روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے 62 سالہ وکیل کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں میرا پاکستان میں رہنا نا ممکن ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے آسیہ بی بی کے لیے مزید قانونی جنگ لڑنی ہے اور ایسے میں ان کا زندہ رہنا بہت ضروری ہے۔

آسیہ بی بی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کی موکلہ قید میں رہیں یا پھر زندگی کو لاحق خطرات میں آزاد رہیں، ان کی زندگی اپیل کا فیصلہ آنے تک ایک جیسی ہی رہے گی۔ خیال رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مظہر عالم پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے 8 اکتوبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ 31 اکتوبر کو سناتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر آسیہ بی بی کسی اور کیس میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں فوری رہا کیا جائے۔