ایتھوپیا میں زرد بخار سے 10 اموات ،عالمی ادارہ صحت حرکت میں آگیا

بیماری کا پھیلاؤ تشویش کا باعث ہے کیوں کہ ایتھوپیا کے لوگوں کو بڑے پیمانے پر اس مرض کی ویکسین نہیں دی گئی،ترجمان

بدھ 7 نومبر 2018 12:43

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2018ء)عالمی ادارہ صحت نے کہاہے کہ ایتھوپیا کے جنوب مغرب میں زرد بخار میں مبتلا دس افراد کی موت کے بعد وہ اپنے ہنگامی اسٹاک سے اس مرض کی 14.5 لاکھ ویکسین استعمال کے لیے نکال رہی ہے۔وولیٹا زون میں اس جان لیوا مرض کے پھوٹ پڑنے کی تصدیق ہو گئی ہے جو مچھروں کے ذریعے منتقل ہوتا ہے۔ رواں برس 21 اگست کو پہلے مریض کی تشخیص کے بعد سے اب تک 35 مریضوں کے اس بیماری میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ترجمان نے بتایاکہ اس بیماری کا پھیلاؤ تشویش کا باعث ہے کیوں کہ ایتھوپیا کے لوگوں کو بڑے پیمانے پر اس مرض کی ویکسین نہیں دی گئی۔زرد بخار کی علامتوں میں تیز بخار، سر درد، رنگت کا پیلا پڑ جانا، جوڑوں اور پٹھوں میں درد، نیم بے ہوشی، متلی اور قے شامل ہے۔اگرچہ زرد بخار کے مریضوں میں نسبتا بہت کم تعداد میں خطرناک حد تک علامات کا ظہور ہوتا ہے تاہم ان میں سے نصف لوگ سات سے دس روز کے اندر وفات پا جاتے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ خطّے میں تنازع اور لڑائی کے سبب مرض کے وسیع پیمانے پر پھیلنے کا خطرہ ہے۔