چین میں ایئر شو کے تیسرے روز جے ایف 17 کا شاندار مظاہرہ ، شائقین پر سحر طاری ، تالیاں بجا کر داد دی

فضائی مظاہرے میں حصہ لینے والے طیارے کے علاوہ تمام ہتھیاروں سے لیس ایک اور جے ایف 17 طیارہ مختلف ممالک سے آئے خریداروں اور فضائی صنعت کے ماہرین کا مرکز نگاہ بنا رہا

جمعرات 8 نومبر 2018 20:24

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2018ء) پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر نے چین کے شہر ڑوہائی میں ہونے والے ائیر شو کے تیسرے روز مختلف ممالک کی ایئر فورسز اور فضائی صنعت کے وفود کی موجودگی میں شاندار مظاہرہ پیش کیا۔فضائی مظاہرہ کے ماہر ونگ کمانڈر ذیشان بریار نے کچھ غیر معمولی کرتب دکھائے جن میں عمودی اور الٹی پروازوں سمیت مہارتوں کے مختلف مظاہرے شامل تھے۔

جے ایف 17 تھنڈر پندرہ منٹ تک دلکش کارکردگی دکھا کر سیکڑوں تماشائیوں کی تالیوں کی گونج میں اپنا مشہور زمانہ الوداعی مظاہرہ کرتے ہوئے فضاؤں میں اوجھل ہو گیا۔ مظاہرے کے بعد جب طیارہ واپس آیا تو متحیر شائقین نے تالیاں بجا کراسکی شاندار پرفارمنس پر داد دی۔فضائی مظاہرے میں حصہ لینے والے طیارے کے علاوہ تمام ہتھیاروں سے لیس ایک اور جے ایف 17 طیارہ مختلف ممالک سے آئے خریداروں اور فضائی صنعت کے ماہرین کا مرکز نگاہ بنا رہا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاک فضائیہ کا دستہ 6 سے 11 نومبر تک ڑوہائی چائنہ میں منعقدہ بارہویں چینی بین الاقوامی فضائی و ہوابازی نمائش میں شریک ہے۔ پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس اور چین کی مشترکہ کاوش سے تیار کردہ جے ایف 17 اپنے ہم عصر جنگی جہازوں میں اپنی جدید ساخت اور ہمہ جہت خوبیوں کی وجہ سے ایک نمایاں حیثیت کا حامل ہے۔۔